کراچی:فائرنگ اوردیگر واقعات میں 10 افراد جاں بحق، کئی علاقوں میں کشیدگی

ویب ڈیسک  اتوار 11 نومبر 2012
لیاقت آباد میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ  سےایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 5 نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔  فوٹو: فائل

لیاقت آباد میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سےایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 5 نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

کراچی: مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں 10 افراد جاں بحق اور ایک صحافی سمیت 7 زخمی ہوگئے جب کہ کئی علاقوں میں کشیدگی کے باعث کاروبار بند ہے۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ میں شدید فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ مقامی صحافی سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ انچولی میں گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے 2 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر علاقے میں کشیدگی رہی ، دکانیں اور کاروبار مکمل طور پر بند رہا۔ گلبہار میں نامعلوم افراد نے بس کو آگ لگادی.

اورنگی ٹاؤن کے علاقے اسلام چوک پر نامعلوم افراد نے دکان پر فائرنگ کرکے باپ بیٹے سمیت 3 افراد کو قتل کردیا۔ مقتولین کی شناخت جرار حسین ،امداد حسین اور سجاد کے نام سے کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بنارس پل سے بھی ایک شخس کی لاش برآمد ہوئی جسے تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

لیاقت آباد چار نمبر ایف سی ایریا میں آئی بی کے مقتول افسر قمرعباس کےگھر کے باہر بیٹھے افراد پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی۔ جس سےایک نوجوان وجاہت موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 5  نوجوان شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں مقتول آئی بی آفیسر قمر عباس کا بیٹا اسد رضا دوران علاج دم توڑ گیا۔

سائٹ کے علاقے میٹروول باب خیبر کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اجمل خان کو قتل کردیا۔ کھارادر کے علاقے صرافہ بازار بادامی مسجد کےقریب سے لاش ملی۔ مقتول کو نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد فائرنگ کرکےقتل کیا۔ مقتول کی شناخت بادشاہ عرف ون ٹو ون کے نام سے ہوئی۔ محمد علی سوسائٹی سے تشدد زدہ لاش ملی جس کی شناخت اخترحسین کے نام سے ہوئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔