پریزیڈنٹ ٹرافی پورٹ قاسم نے واپڈا کو17رنز سے قابو کر لیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 12 نومبر 2012
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں پورٹ قاسم کیخلاف واپڈنے 21-2 سے اننگزکوشروع کیا اور39.2 اوورز میں 100رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں پورٹ قاسم کیخلاف واپڈنے 21-2 سے اننگزکوشروع کیا اور39.2 اوورز میں 100رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

کراچی: پریذیڈنٹ ٹرافی کے چھٹے رائونڈ میں پورٹ قاسم نے دلچسپ مقابلے کے بعد واپڈا کو17رنز سے قابو کرلیا۔

فتح کیلیے 118رنز کا تعاقب کرنے والی ٹیم کی ہمت 100رنز پر جواب دے گئی، تنویر احمد اور اعظم حسین نے4،4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا،حبیب بینک نے کے آرایل کیخلاف 65رنز سے کامیابی حاصل کی، عبدالامیرنے66 رنز دے کر7کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد خلیل کی عمدہ بولنگ بھی پی آئی اے کو فتح سے نہیں روک پائی زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم4وکٹ سے ناکام رہی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں پورٹ قاسم کیخلاف واپڈنے 21-2 سے اننگزکوشروع کیا اور39.2 اوورز میں 100رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

شعیب مقصوداور عامر سجاد 20،20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تنویر احمد اور اعظم حسین نے4،4وکٹیں لیں، کامران یونس نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں حبیب بینک نے کے آر ایل کو65 رنز سے ہرایا، پہلی اننگز میں 92رنز کے خسارے میں جانے والی بینک کی ٹیم نے دوسری باری 8وکٹ 399 پر ڈیکلیئرڈ کی، اسدشفیق 80 پر ناقابل شکست رہے، عبدالامیر نے43رنز ناٹ آئوٹ بنائے، خان ریسرچ لیبارٹریز کو فتح کیلیے 308رنز کا ہدف ملا لیکن پوری ٹیم53.1 اوورز میں 242رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، شعیب احمد60، بازیدخان54، نعمان علی51 اور محمد عرفان31رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

عبدالامیر نے66 رنزدے کر7 پلیئرز کو میدان بدر کیا، احسان عادل نے 3وکٹیں اپنے نام کیں، میچ میں ان کے شکاروں کی تعداد9 ہوگئی۔اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر زرعی ترقیاتی بینک کو پی آئی اے نے 4وکٹ سے زیرکرلیا، ایئرلائنز نے192کا ہدف6 وکٹ گنواکرحاصل کرلیا، فیصل اقبال 44 اور شعیب ملک27 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، فہد اقبال نے38کی اننگز کھیلی، محمد خلیل نے77رنز دیکر4کھلاڑیوں کوقابو کیا جبکہ سہیل تنویر نے2 وکٹوں کیلیے 60 رنزدیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔