معطل کیے گئے رہنمائوں کا اب نون لیگ سے کوئی تعلق نہیں

نمائندہ ایکسپریس  پير 12 نومبر 2012
 معطل کیے گئے افراد پارٹی میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، پریس کانفرنس۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

معطل کیے گئے افراد پارٹی میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، پریس کانفرنس۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

حیدر آباد: مسلم لیگ ن کے ضلعی قائم مقام صدر حنیف صدیقی نے کہا ہے کہ صوبائی صدر کی جانب سے معطل کیے گئے رہنماؤں اورکارکنان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔

حیدرآباد پریس کلب میں دیگر رہنمائوں کلیم شیخ، ملک تنویر، دھنی بخش و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ راجہ ظفر الحق کی حیدرآباد پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران رونما ہونے والے نا خوشگوار واقعہ کا پارٹی سربراہ میاں نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی صدر سید غوث علی شاہ کو تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔

جنہوں نے مکمل انکوائری کے بعد سابق ضلعی صدر افضل گجر، محبوب جونیجو، شہزاد جونیجو، راجہ غضنفر علی اور غلام شاہ کو معطل کر دیا تھا جس کے بعد ان افرادکا اب مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں اور کوئی بھی ان معطل کارکنان سے پارٹی کے حوالے سے کسی قسم کا رابطہ نہ رکھے۔ انھوں نے کہا کہ معطل کیے گئے کارکنان کو افضل گجرکی سرپرستی حاصل ہے اور وہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پریس کانفرنس اور احتجاج کے ذریعے مسلم لیگ ن کے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کو بدنام کرنے اور پارٹی میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔