نوابشاہ، قائد عوام یونیورسٹی میں داخلوں کیلیے ٹیسٹ کا انعقاد

نامہ نگار  پير 12 نومبر 2012
6958 امیدواروں کی شرکت، سخت سیکیورٹی، نتائج آج جاری ہونگے، وی سی. (فوٹو: ایکسپریس)

6958 امیدواروں کی شرکت، سخت سیکیورٹی، نتائج آج جاری ہونگے، وی سی. (فوٹو: ایکسپریس)

نواب شاہ: قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے اتوار کو انٹری ٹیسٹ ہوئے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ٹیسٹ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ کی 955 نشستوں پر داخلے کے خواہشمند طلبا و طالبات سے انٹری ٹیسٹ ہوا جس میں 6958 امیدواروں نے شرکت کی جن میں 416 طالبات بھی شامل تھیں، ٹیسٹ کے دوران یونیورسٹی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کررکھے تھے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر علی بخش سومرو اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے انتظامات کا جائزہ لیا اور دوران ٹیسٹ مختلف بلاکوں کا دورہ بھی کیا۔

ڈاکٹر علی بخش نے میڈیا کو بتایا کہ انٹری ٹیسٹ کے لیے کل 140 بلاک بنائے گئے ہیں، سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیسٹ کے نتائج 12 نومبر کو جاری کردیے جائیں گے، تاہم یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آج شب 11 بجے کے بعد نتائج دیکھے جاسکتے ہیں۔ کامیاب امیدواران 16 سے 19 نومبر تک اپنی اصل تعلیمی اسناد جمع کرائیں اور 20 سے 24 نومبر تک انٹرویوز لیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔