شائقین کا شدید ردعمل قومی کرکٹرز گھروں تک محدود

عوامی مقامات پر جانے سے گریز، بورڈ نے بھی تحقیقات مکمل ہونے تک زبان بندی کردی


Sports Reporter March 28, 2016
عوامی مقامات پر جانے سے گریز، بورڈ نے بھی تحقیقات مکمل ہونے تک زبان بندی کردی فوٹو: فائل

PESHAWAR: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی وطن واپسی پر شدید عوامی ردعمل دیکھ کرخوف میں مبتلا ہو گئے، اپنی تمام سرگرمیاں محدود کر کے گھروں تک محصور ہوگئے جب کہ نئے تنازع سے بچنے کے لیے پی سی بی نے بھی پلیئرزکو میڈیا سے بات چیت سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میںقومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد عوام میں غم و غصے کی شدید لہر پائی جا رہی ہے جس کا عملی مظاہرہ شائقین نے کھلاڑیوں کی پاکستان واپسی پر بھی کیا، ان کیخلاف شیم، شیم کے نعرے لگائے اور نازیبا الفاظ کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے 13کھلاڑی اور مینجمنٹ کے اراکین مختلف پروازوں سے اتوار کی علی الصباح پاکستان پہنچے تاہم شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے دبئی میں اپنا قیام بڑھانے کو ہی ترجیح دی، 6کھلاڑی لاہور، 5کراچی اور2 اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے، خالد لطیف ،شرجیل خان ، سرفراز احمد ، محمد سمیع اورانورعلی دبئی سے کراچی پہنچے۔محمد حفیظ ،احمد شہزاد ،محمد عرفان ،عمر اکمل ، محمد عامر ،وہاب ریاض ،ہیڈ کوچ وقار یونس اور منیجر انتخاب عالم دبئی سے لاہور جبکہ 2 کھلاڑی محمد نواز اور عماد وسیم اسلام آباد پہنچے۔

وطن واپسی پر پلیئرز انتہائی افسردہ نظر آرہے تھے اور شرمندگی ان کے چہروں سے عیاں تھی تاہم ایئرپورٹس پر موجود شائقین کسی طور پر کھلاڑیوں کو معاف کرنے کے لیے تیارنہ تھے، شائقین کرکٹ نے ان کے خلاف نعرے بازی کی تاہم سیکیورٹی حکام کی وجہ سے بات ہاتھا پائی تک نہیں پہنچی، مزید معلوم ہوا ہے کہ وطن واپس آنے کے بعد کھلاڑی گھر تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور وہ عوامی مقامات پرجانے سے گریزاں ہیں۔

ذرائع کے مطابق بعض بپھرے شائقین نے کچھ کھلاڑیوں کے گھروں کا بھی رخ کیا لیکن کرکٹرز نے باہر نکل کران سے بات چیت کرنے سے گریز کیا، ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز پرمیڈیا سے بات کرنے پر پابندی عائد کر دی، کرکٹرز سے کہا گیا ہے کہ جب تک کمیٹی تحقیقات مکمل نہیں کرلیتی اس وقت تک کرکٹرز کے میڈیا سے بات کرنے پر پابند ی ہوگی ، دبئی میںموجود ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کو بھی بذریعہ ای میل اس فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

مقبول خبریں