پرویزمشرف ہی ملک کی حالت بدل سکتے ہیں، بیرسٹرسیف

نمائندہ ایکسپریس  پير 12 نومبر 2012
فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے،اے پی ایم ایل الیکشن میں بھر پورحصہ لے گی، بیان

فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے،اے پی ایم ایل الیکشن میں بھر پورحصہ لے گی، بیان

اسلام آ باد: سیکریٹری جنرل آل پاکستان مسلم لیگ بیرسٹر محمد علی خان سیف نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی،کرپشن اور لوٹ مار عروج پر ہے۔

ان بدترین حالات میں پرویز مشرف کی قیادت ہی ملک کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے، انھوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے ماسوائے مایوسی اور کرپشن کے عوام کو کچھ نہیں، مرکزی سیکریٹریٹ آل پاکستان مسلم لیگ سے جاری ایک بیان میں بیرسٹرسیف نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے4 سال سے ایک دوسرے کی حکومتوں کو کاندھا دینے والے عوامی وسائل میں کمی اور مسائل میں اضافہ کرنے میںبرابرکے شریک ہیں، اقتدار کے آخری دنوں میں عوامی فلاحی منصوبوںپرمعمولی رقم خرچ کرناووٹ دوبارہ حاصل کرنے کی کوششوں کے سوا کچھ نہیں۔

عوام ان کرپٹ حکمرانوں کے ہتھکنڈوں کوجان چکے ہیں اور اب ان سیاسی شعبدہ بازوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، انھوں نے کہا کہ زرداری حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت ثابت ہوئی ہے جس نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے سے عوام کی ہمدردی اور ووٹ حاصل کیے مگرعوام کو مہنگائی بیروزگاری سے دوچار کیا، افواجِ پاکستان اس ملک کی سلامتی اور سالمیت کی ضامن رہی ہیں اور رہیں گی، بیرسٹر سیف نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ آئندہ الیکشن میں ملک بھر سے بھر پور انداز میں شرکت کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔