حکمران ملک میں نفرت، قتل وغارت،اندھیر نگری چوپٹ راج چھوڑ کر جارہے ہیں،نواز شریف

ویب ڈیسک  پير 12 نومبر 2012
طلبہ کو  لیپ ٹاپ سیاسی مقاصد کے لئے نہیں دے رہے، نواز شریف۔  فوٹو: فائل

طلبہ کو لیپ ٹاپ سیاسی مقاصد کے لئے نہیں دے رہے، نواز شریف۔ فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ(ن)کے صدرنوازشریف نے کہا ہے کہ حکمران ملک میں نفرت، قتل و غارت اور اندھیر نگری چوپٹ راج چھوڑ کر جارہے ہیں اور آنے والی حکومت کے لئے پاکستان  کانٹوں  کا میدان ہوگا۔

ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ملک کے کونے کونے میں  لاشیں گررہی ہیں۔ پاکستان میں پہلے دہشت گردی کبھی نہیں تھی۔ ہمارے دور اقتدار میں تمام صوبے پر امن تھے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران آنے والی حکومت کے لئے قتل و غارت، بدحالی،غربت، مہنگائی،لوڈ شیڈنگ سمیت لاتعداد مسائل چھوڑ کر جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے عدالتیں، اسمبلی اور آئین و قانون توڑا انہیں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو ورغلانے کے لئے  میدان میں  بہت سے لوگ اترے ہیں  لیکن مجھے یقین ہے کہ ان نوجوانوں  کو ورغلایا نہیں  جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب  حکومت تعلیم پر بہت توجہ دے رہی ہے اوراس کے لئے وہ طلبہ میں مفت لیپ ٹاپ تقسیم کررہی ہے یہ لیپ ٹاپ کسی سیاسی مقاصد کے لئے نہیں بلکہ طلبہ کے روشن مستقبل کے لئے تقسیم کئے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔