محرم الحرام: حیدرآباد میں پولیس ہائی الرٹ، چھٹیاں منسوخ

نمائندہ ایکسپریس  منگل 13 نومبر 2012
اہلکاروں کی تمام چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

اہلکاروں کی تمام چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

حیدر آباد: حیدرآباد پولیس نے ضلع بھر میں تمام داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں و حساس مقامات پر چیکنگ مزید سخت کرنے اور شہر کی 20 سے زائد بلند عمارات پر شوٹر کمانڈوز کو دن و رات کام کرنے والی دوربینوں سمیت تعینات کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی حیدرآباد فرید جان سرہندی کی زیرصدارت محرم الحرام میں فول پروف سیکوریٹی پلان طے کرنے کیلیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس بتایا گیاکہ ملک خصوصاً کراچی و حیدرآباد کی صورتحال و حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حیدرآباد ضلع میں پولیس کو اگلے حکم تک انتہائی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، اہلکاروں کی تمام چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے اور حیدرآباد ضلع میں سرپرائز اسنیپ چیکنگ و ناکا بندی کا سلسلہ جاری ہے، ایس ایس پی نے ماتحت افسران کو بتایا کہ شہر کی 20 سے زائد بلند عمارتوںپر پولیس کے شوٹر کمانڈوز کو دن و رات کام کرنیوالی دوربینوں سمیت تعینات کر دیا گیا ہے۔

50 سے زائد اہم امام بارگاہوں، حساس مکانات اور بلند عمارات پر خفیہ کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں اور محرم الحرام میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلیے دیگر اضلاع کی موبائلز اور مزید 2000 فورس کی فراہمی کیلیے اعلیٰ حکام سے درخواست کی گئی ہے جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں کے اطراف کی عمارات کے مالکان و رہائشیوں کو ہدایت کی جا رہی ہے وہ گھروں کی چھتوں اور گیلریوں پر ہرگز کھڑے نہ ہوں اور نہ کسی کو کھڑے ہونے کی اجازت دیں۔ انھوں نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور حساس مقامات پر پولیس نفری کی چیکنگ کے علاوہ سادہ لباس اہلکار ہر قسم کے مشکوک سامان و افراد کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ہوٹلوں، سرائے، مسافر خانوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی شخص کو اصلی شناختی کارڈ کے بغیر رہائش فراہم نہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔