پریمیئر فٹبال؛ نیوی کیخلاف افغان کلب کو واک اوور مل گیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 13 نومبر 2012
پی اے ایف اور زیڈ ٹی بی ایل کے مقابلے کا نتیجہ برآمد نہ ہو سکا، آج 1میچ کھیلا جائیگا۔   فوٹو: فائل

پی اے ایف اور زیڈ ٹی بی ایل کے مقابلے کا نتیجہ برآمد نہ ہو سکا، آج 1میچ کھیلا جائیگا۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں نیوی کیخلاف افغان ایف سی کو واک اوور مل گیا جبکہ پی اے ایف اور زیڈ ٹی بی ایل کے میچ کا نتیجہ برآمد نہ ہو سکا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق نیوی کی ٹیم افغان میچ کھیلنے کیلیے گورنمنٹ ہائی اسکول چمن کے گرائونڈ میں نہ پہنچی جس کی وجہ سے افغان ایف سی کوواک اوور دے دیا گیا۔پی اے ایف گرائونڈ کمپلکس پشاور میں پی اے ایف اور زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیمیں ایک ایک گول کرنے میں کامیاب رہیں، پہلے ہاف میں کوئی گول نہ ہوا۔

وقفے کے بعد 56 ویں منٹ میں پی اے ایف کے مڈفیلڈر محمد شیر نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کو سبقت دلا دی، زیڈ ٹی بی ایل کے اسٹرائیکر محمد حنیف نے 88 ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابری پر ختم کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا، بینک کے ڈیفینڈر ارسلان خان کو میچ کے 38 ویں اور پی اے ایف کے مڈ فیلڈر محمد شہزاد کو 89 ویں منٹ میں یلو کارڈز کا سامنا کرنا پڑا، بہترین اسکورر محمد شیر قرار پائے، بیسٹ کھلاڑی کا انعام زیڈ ٹی بی ایل کے ڈیفینڈر محمد غازی کو دیا گیا۔ منگل کو پی آئی اے اور مسلم ایف سی کا مقابلہ سہ پہر تین بجے گورنمنٹ ہائی اسکول چمن کے گرائونڈ میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔