پاکستان بار کونسل کا جامعہ اردو شعبہ قانون کیساتھ الحاق منظور

اسٹاف رپورٹر  منگل 13 نومبر 2012
 پی بی سی اجلاس میں معائنہ رپورٹ پر اطمینان، ایل ایل بی وایل ایم اسناد کی منظوری.  فوٹو: فائل

پی بی سی اجلاس میں معائنہ رپورٹ پر اطمینان، ایل ایل بی وایل ایم اسناد کی منظوری. فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان بار کونسل نے وفاقی اردویونیورسٹی کے شعبہ قانون کے الحاق کی منظوری دے دی ہے اوروفاقی جامعہ ارد و کے کلیہ قانون کے شعبہ قانون کے تحت ایل ایل بی اور ایل ایم کی اسناد پاکستان بار کونسل نے منظور کرلی ہیں۔

اب یہاں زیر تعلیم طلبہ اپنی قانون کی تعلیم مکمل کرکے کورٹ پریکٹس کرسکیں گے وفاقی اردویونیورسٹی کے رئیس کلیہ قانون جسٹس ریٹائرڈ غوث محمدکے مطابق اس مقصد کی تکمیل کے لیے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر قمرالحق اور ڈین آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر سیمی نغمانہ کا تعاون اور کوششیں بھی شامل ہیں یونیورسٹی اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر غوث محمد نے بتایا کہ پاکستان بار کونسل کی لیگل کمیٹی نے گزشتہ ہفتے جامعہ اردو کے کلیہ قانون کا دورہ کیا اور یہاں اساتذہ کی تعداد، تدریسی سہولیات اور عمارت پر اطمینان کا اظہار کیا کلیہ قانون میں قائم شعبہ کو جدید طرز کے ڈین آفس، لائبریری اورکلاس رومز سے مزین کردیا گیا ہے۔

اسکی لائبریری میں اس وقت قانون کی 5 ہزار سے زائد کتابیں موجود ہیں جبکہ تقریبا ً150طلبا و طالبات ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ20 سے زائد اعلیٰ و قابل اساتذہ یہاں تدریسی عمل میں مصروف ہیں پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں لیگل کمیٹی کی معائنہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور جامعہ اردو کے کلیہ قانون کے شعبے کے الحاق کا اعلان کرتے ہوئے ایل ایل بی اور ایل ایم کی اسناد کی حتمی منظوری دیدی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔