شعیب سڈل کمیشن پراعتبار نہیں، ارسلان افتخار ڈان ہے، ملک ریاض

ویب ڈیسک  منگل 13 نومبر 2012
 سڈل کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کی ہوئی ہے،ملک ریاض۔ فوٹو ایکسپریس

سڈل کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کی ہوئی ہے،ملک ریاض۔ فوٹو ایکسپریس

اسلام آ باد: ملک ریاض نے ارسلان افتخار کیس کی تحقیقات کے لئے قائم شعیب سڈل کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کمیشن کی کارروائی غیر قانونی ہے ۔

ملک ریاض نے اپنے وکیل زاہد بخاری کے ہمراہ شعیب سڈل کمیشن میں جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کمیشن پر اعتماد نہیں، کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کی ہوئی ہے لہٰذا سپریم کورٹ کی جانب سے اس اپیل پرکسی بھی قسم کے فیصلے تک کمیشن کسی بھی قسم کی  کارروائی نہ کرے ۔

شعیب سڈل کمیشن میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملک ریاض نے کہا کہ انہیں ارسلان افتخار کے لئے بنایا گیا فائیو اسٹار شعیب کمیشن منظور نہیں۔ ارسلان افتخار کے خلاف نظرثانی پٹیشن کوا سٹے  آرڈر دے کر ختم کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ملک ریاض کے وکیل زاہد بخاری نے کہا کہ کمیشن کوئی ادارہ نہیں یہ مخصوص کام اور وقت کے لئے بنایا جاتا ہے، 5 اکتوبر کو کمیشن ختم ہوچکا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے کمیشن کو دوبارہ فعال کیا، 5 اکتوبر سے لے کر 6 نومبر تک کمیشن کی کارروائی غیر قانونی ہے۔


ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔