اذلان شاہ ہاکی آسٹریلیا نے پاکستان کو04 سے زیر کر لیا

دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کی جاپان کیخلاف 4-1 سے کامیابی، گرین شرٹس کل روایتی بھارت سے ٹکرائیں گے


Sports Reporter April 11, 2016
دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کی جاپان کیخلاف 4-1 سے کامیابی، گرین شرٹس کل روایتی بھارت سے ٹکرائیں گے.

KARACHI: سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کو مسلسل دوسری شکست سے دوچار ہونا پڑا، آسٹریلیا نے گرین شرٹس کیخلاف مقابلہ 4-0 سے اپنے نام کرکے پوائنٹس ٹیبل پر اول پوزیشن حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 25ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کو بریک لگ گئے، اور اسے نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا کے ہاتھوں بھی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم نے ابتدائی میچ میں کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں3 گول سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا تھا تاہم نیوزی لینڈ کے ہاتھوں اسے 5-3سے شکست کا سامنا کرنے کے بعد آسٹریلیا کیخلاف بھی4-0 سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستانی ٹیم 14برسوں سے آسٹریلوی ٹیم کے خلاف کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی ہے، گرین شرٹس نے آخری بار کینگروز کو چیمپئنز ٹرافی 2002 میںصفر کے مقابلے میں2 گول سے شکست دی تھی جبکہ 2بار دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابری کی سطح پرختم ہوا تھا۔گذشتہ روزکے مقابلے میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے پہلے کوارٹرمیں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تاہم دوسرے کوارٹر میں کینگروز گرین شرٹس پرچھائے رہے اور24ویں منٹ میں گول کر کے پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل کر لی، تیسرے کوارٹر میں آسٹریلوی ٹیم نے3 منٹ میں 2 گول کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔

یہ گول کھیل کے41ویں اور44 ویں منٹ میں بالترتیب تھامس کریگ اور جمی ڈائر نے کیے، چوتھے کوارٹرکے ساتویں منٹ میں ایرن زیل وسکی نے چوتھا گول کر کے پاکستانی ٹیم کے واپسی کے تمام راستے بند کر دیے، میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی گول کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن فاروڈز ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

ایک اور میچ میں نیوزی لینڈ نے جاپان کو یکطرفہ مقابلے میں ایک کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی جبکہ بھارت نے کینیڈا کیخلاف 3-1 سے مقابلہ اپنے نام کیا۔ ادھر اب تک کے ایونٹ کے مقابلوں میں آسٹریلیا پہلے جبکہ پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے، آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آگے ہیں، کینگروز نے3 میچوں میں حصہ لے کر سب میں کامیابی حاصل کی اور اس کے مجموعی طور پر 9 پوائنٹس ہیں۔

نیوزی لینڈ کا 4میچوں میں 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا جبکہ بھارت کا 3 میچوں میں6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔ کینیڈا نے 4 میچوں میں حصہ لیکر 4 پوائنٹس حاصل کیے اور اس کا مجموعی طور پر چوتھا ہی نمبر ہے، ملائیشیا نے 3 میچوں میں شریک ہو کر 4 پوائنٹس کیساتھ پانچویں پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے، پاکستان نے3 میچوں میں حصہ لے کر3 پوائنٹس حاصل کیے اور اس کا پوائنٹس ٹیبل میں چھٹا نمبر ہے، جاپان نے 4 میچوں میں حصہ لیا، سب میں ناکامی ہوئی، پوائنٹس ٹیبل پر ان کا آخری نمبرہے۔

پیر کو آرام کے دن کی وجہ سے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کا کوئی میچ نہیں ہوگا جبکہ 12 اپریل کو مزید 3 میچز کے فیصلے ہوں گے، دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا، دوسرے میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی جبکہ تیسرا میچ کینیڈا اور ملائیشیا کے مابین کھیلا جائیگا، ٹورنامنٹ کا فائنل 16 اپریل کو ہوگا۔

مقبول خبریں