انڈر19کرکٹ، ملتان نے کراچی وائٹس کو زیر کرلیا

اسپورٹس ڈیسک / اسپورٹس رپورٹر  بدھ 14 نومبر 2012
لاہورشالیمار، راولپنڈی، زیڈ ٹی بی ایل، پی آئی اے، اسٹیٹ بینک اور اسلام آباد بھی کامیاب، نعیم کی 5 وکٹیں۔
  فوٹو: فائل

لاہورشالیمار، راولپنڈی، زیڈ ٹی بی ایل، پی آئی اے، اسٹیٹ بینک اور اسلام آباد بھی کامیاب، نعیم کی 5 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

کراچی / لاہور: انٹر ریجن، ڈپارٹمنٹل انڈر19 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں ملتان نے کراچی وائٹس کو5 وکٹ سے زیر کرلیا۔

لاہور شالیمار، راولپنڈی، زیڈٹی بی ایل، پی آئی اے، اسٹیٹ بینک اور اسلام آباد نے بھی اپنے میچز جیت لیے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میزبان وائٹس ٹیم نے 7 وکٹ پر165 رنز بنائے، محمد مقصود 32 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، شاہ زیب طارق اور سنی اعظم نے2،2 وکٹیں لیں، ملتان ریجن نے ہدف 42.1 اوورز میں 5 وکٹ پر حاصل کرلیا، ذیشان امین38 اور مرتضٰی علی37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شیراز حسین نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔کنٹری کلب مریدکے میں لاہور شالیمار نے کوئٹہ کو31 رنز سے ہرایا، فاتح ٹیم نے 6 وکٹ پر207 رنز بنائے، ارسلان باجوہ نے55 اور فرحان نذیر نے52 رنز کی اننگز کھیلیں،جمال خان 2 پلیئرز کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے،کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں9 وکٹ پر176رنز ہی بنا پائی، حمید خان نصف سنچری کے ساتھ نمایاں رہے۔

فرحان نذیر اور محمد ولید نے 3،3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں راولپنڈی نے میزبان راوی کو6 وکٹ سے مات دی،ناکام ٹیم 129 پر ڈھیر ہوگئی، زاہد خان نے63 رنز بنائے، میر واعظ نے3 بیٹسیمنوں کو چلتاکیا، عدیل شبیر اور محمد فرحان نے2,2 وکٹیں اپنے نام کیں، راولپنڈی نے ہدف 30.2 اوورز میں4وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، طلحہٰ قریشی نے 49 رنز بنائے، حیدر علی نے2 وکٹیں لیں۔ بوہڑاں والی گرائونڈ فیصل آباد میں میزبان ٹیم کو بہاولپور نے 49 رنز سے مات دی، فاتح سائیڈ نے9 وکٹ پر205کا مجموعہ ترتیب دیا، ذیشان ملک نے ففٹی بنائی،فیصل آباد کی ٹیم156 پر ڈھیر ہوگئی، محمد جمیل 40 اورزین بشیر33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، وقاص گجر نے3 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد نے میزبان کو5 وکٹ سے ہرایا۔

ناکام سائیڈ صرف121 بناسکی، نعیم شہزاد نے 5پلیئرزکو میدان بدر کیا، اسلام آباد کے عدنان خان اور فرحان اللہ نے31،31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ہدف کا حصول ممکن بنایا۔ مرغزار اسٹیڈیم اسلام آباد میں زیڈ بی ٹی ایل نے نیشنل بینک کو 26 رنز سے زیر کیا، ناکام ٹیم نے183 رنز بنائے، حریف سائیڈ157 پر ہمت ہار گئی، شفاقت 4وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں پی آئی اے نے پورٹ قاسم کو2 وکٹ سے ہرایا، ناکام ٹیم 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی، وجاہت خان 36 رنز بنا کر نمایاں رہے، سلمان سعید نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

ایئرلائنز نے ابتدا میں لڑکھڑانے کے بعد ہدف 35.2 اوورز میں حاصل کرلیا، وقاص احمد نے ناقابل شکست30 رنز بنائے، محمد سلمان نے4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ بھٹو گرائونڈ اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک کی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد کے آر ایل کو 4 رنز سے مات دینے میں کامیاب رہی، فاتح سائیڈ نے 151 رنز بنائے، غضنفر عباس 56 کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، عثمان خان نے 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔کے آر ایل کی ٹیم 9 وکٹ پر147 رنز ہی بنا پائی، شیراز شفیع نے64 رنز کی اننگز کھیلی،مدثر اقبال نے3 جبکہ فراز احمد اور بلال منظور نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔