حیدرآباد: تنخواہیں نہ ملنے پربلدیاتی ملازمین کی ہڑتال

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 14 نومبر 2012
ملازمین نے دو ماہ کی تنخواہ اور پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف ہڑتال کی اور دفاتر کی تالا بندی کر کے مظاہرہ کیا۔ فوٹو: فائل

ملازمین نے دو ماہ کی تنخواہ اور پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف ہڑتال کی اور دفاتر کی تالا بندی کر کے مظاہرہ کیا۔ فوٹو: فائل

حیدرآباد: ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن قاسم آبادکے ملازمین نے پنشن اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف پیپلز لیبر بیورو کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ملازمین نے دو ماہ کی تنخواہ اور پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف ہڑتال کی اور دفاتر کی تالا بندی کر کے مظاہرہ کیا، مظاہرین مطالبات کی منظوری کے لیے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر فیاض کلیار، احسان علی، پریتم و دیگر نے بتایا کہ حاضر سروس ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی نہیں کی گئی جس کے وجہ سے وہ شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں جب کہ اقلیتی ملازمین تنخواہ نہ ملنے کے باعث اپنے مذہبی تہوار دیوالی کی خوشیوں سے بھی محروم رہے اور تہوار کے روز بھی ان کے اہل خانہ فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملازمین اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں، لیکن کوئی بھی افسر ان سے ملنے کو تیار نہیں۔ انھوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیتے ہوئے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور بلدیاتی ملازمین کو تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔