سانحہ بلدیہ، مقدمے کے حتمی چالان کی جانچ پڑتال کیلئے ٹیم تشکیل ، رپورٹ آج پیش کی جائیگی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 14 نومبر 2012
 چالان جانچ پڑتال کی تاخیر کے باعث عدالت میں جمع نہ ہوسکا ،منجمد کھاتے کی بحالی پر ایس پی نے تحفظات عدالت میں پیش کردیے  فوٹو: اے ایف پی

چالان جانچ پڑتال کی تاخیر کے باعث عدالت میں جمع نہ ہوسکا ،منجمد کھاتے کی بحالی پر ایس پی نے تحفظات عدالت میں پیش کردیے فوٹو: اے ایف پی

کراچی: سانحہ بلدیہ آتشزدگی کیس میں ملزمان کے خلاف مقدمے کا حتمی چالان ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر وسطی کے روبرو جمع کرادیا تاہم تفتیشی افسر گواہوں اور چالان میں درج سیکشنز سے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کومطمئن کرنے میں ناکام ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکوٹر نے چالان کا جائزہ لینے کیلیے چار رکنی ٹیم تشکیل دیدی اور ایک دن میں جانچ پڑتال کی رپورٹ طلب کرلی،تفصیلات کے مطابق منگل کو سانحہ بلدیہ آتشزدگی کیس کے تفتیشی افسر جہاں زیب نے تفتیش مکمل کرنے کے بعد مقدمے کا حتمی چالان پراسیکیوشن آفس میں جمع کرایا ، اس موقع پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر انور شاہ وسطی نے چالان اور استغاثہ کے گواہوں کا جائزہ لیا تو انھیں گواہوں کے بیانات اور چالان میں درج 302/435/436 سیکشنز میں تضاد پایا جس پر انھوں نے تفتیشی افسر سے کہا کہ گواہوں کے بیانات سے مذکورہ ایکٹ ثابت نہیں ہورہے ہیں۔

جس پر تفتیشی افسر مطمئن نہیں کرسکے، ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نواز تنولی کی سربراہی میں ڈپٹی پراسیکیوٹر راشد علی شیخ ، ڈی ڈی پی فیاض الکریم اور اسسٹنٹ پراسیکیوٹر ظہیر احمد پر مشتمل چار رکنی ٹیم تشکیل دی اور چالان کی جانچ پڑتال کرنے کی ہدایات کی، ایک روز میں مکمل جائزہ لینے کے بعد رپورٹ طلب کرلی،دریں اثنا سانحہ بلدیہ آتشزدگی کیس کے مقدمے کا چالان جانچ پڑتال کی تاخیر پر عدالت میں جمع نہ ہوسکا ،سماعت آج تک ملتوی کردی ہے،منگل کوجیل حکام نے مقدمے میں نامزد فیکٹری مالکان ارشد بھائیلہ ، شاہد بھائیلہ جنرل منیجر منصور احمد سیکیورٹی گارڈ فضل احمد ، علی محمد اور ارشد محمود کو پیشی کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی سہیل احمد مشوری کے روبرو پیش کیا تھا.

اس مقدمے کی سماعت کے موقع پر مقدمے کے تفتیشی افسر نے عدالت میں تحریری درخواست دائر کی اور وقف اختیار کیا کہ مقدمہ حساس نوعیت کا ہے سانحہ میں 259افراد کی ہلاکت ہے ،چالان جانچ پڑتال کیلیے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آفس میں جمع کرادیا گیا ہے لہذا چار رکنی ٹیم چالان کا جائزہ لے رہی ہے اور ایک روز کی مہلت طلب کی تھی ،فاضل عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرلی ،سماعت آج تک ملتوی کردی ہے ، دوسری جانب عدالت میں دائر چار زیر سماعت مختلف درخواستوں کی سماعت پر ایس پی ویسٹ عدالت میں پیش ہوئے انھوں نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش مکمل کرلی ہے ،فاضل عدالت نے طرفین وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ آج تک محفوظ کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔