پیپلز پارٹی بلوچستان نے صوبائی حکومت غیر آئینی قرار دیدی، اسمبلی کا رئیسانی پر اظہار اعتماد

عارف محمود  بدھ 14 نومبر 2012
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی خود پر اعتماد کا اظہار کرنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کا ہاتھ اٹھا کر شکریہ ادا کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی خود پر اعتماد کا اظہار کرنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کا ہاتھ اٹھا کر شکریہ ادا کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں وزیراعلیٰ نواب محمداسلم رئیسانی پر اعتماد کے حوالے سے پیش کی گئی مشترکہ قرارداد منظورکرلی گئی۔

بی این پی عوامی کے پارلیمانی لیڈرصوبائی وزیر سیداحسان شاہ نے ایوان میں قرارداد پیش کی،64 کے ایوان میں موجود تمام44ارکان نے قرارداد کی حمایت کی جس پر قرارداد کو منظورکرلیاگیا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے اعتماد کی قرارداد منظورکرنے پرمخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے ارکان کا شکریہ اداکیاہے اورکہا کہ وہ ان عناصر کی مذمت کرتے ہیں جنھوں نے جمہوریت پر شب خون مارا۔

اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر سید مطیع اﷲ آغا کی صدارت میں ہواتوایوان میں وزیراعلیٰ سینئر صوبائی وزیر اورصوبائی وزراکی جانب سے بلوچستان کی مجموعی صورتحال پر جائزہ لینے کیلیے ایوان میں مشترکہ قرارداد پیش کی گئی جس پر ارکان نے صوبے میں امن وامان اور دوسرے مسائل پر تفصیلی بحث کی اور قرارداد کومتفقہ طورپر منظورکرلیاگیاجس کے بعد بی این پی عوامی کے پارلیمانی لیڈرسید احسان شاہ نے ایوان میں وزیراعلیٰ بلوچستان پراعتماد کے حوالے سے قرارداد پیش کی جسے ایوان میں موجود44ارکان نے متفقہ طورپر منظورکرلیا۔

قرارداد کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ اور اراکین نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کردیا۔ادھربلوچستان اسمبلی میں اسپیکراسلم بھوتانی کے خلاف عدم اعتمادکی تحریک لانے کابھی اصولی فیصلہ کرلیاگیا جس کیلیے مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں سے صلاح ومشورہ شروع کردیاگیا،حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نواب محمداسلم رئیسانی پر اراکین اسمبلی کے اعتماد کے ووٹ کے بعداب اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیاگیا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس حوالے سے صوبائی مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے ساتھ باقاعدہ مشاورت کا سلسلہ شروع کردیاگیا ہے اور باہمی مفاہمت سے ہی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی جائے گی،دوسری طرف اسپیکر بلوچستان اسمبلی جو اس وقت قائم مقام گورنر بلوچستان کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال رکھی ہیں اسلام آباد پہنچ گئے ہیں اور اس حوالے سے انھوں نے ایوان صدر سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔