کراچی:قانون نافذ کرنیوالے ادارے نیند سے بیدار، 90 گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 14 نومبر 2012
حساس ادارے کی ٹیم نے ٹیپو سلطان کے علاقے سے حبیب اﷲ محسود کے12کارندے پکڑلیے. فوٹو: فائل

حساس ادارے کی ٹیم نے ٹیپو سلطان کے علاقے سے حبیب اﷲ محسود کے12کارندے پکڑلیے. فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث قانون نافذکرنے والے ادارے خواب غفلت سے بیدارہوگئے۔

پولیس،رینجرزاورسی آئی ڈی نے پیر اور منگل کی درمیانی شب شہرکے مختلف علاقوں میں کارروائیاںکرتے ہوئے ٹارگٹ کلرسمیت90سے زائد ملزمان کوحراست میں لیکراسلحہ برآمدکر لیا۔ کورنگی بلال کالونی، شمسی سوسائٹی،ماڈل کالونی،گلشن معمار،عوامی کالونی،لیاقت آباد،گلستان جوہر،پہلوان گوٹھ اور دیگر علاقوں میں پیراورمنگل کی درمیانی شب رینجرزکی بھاری نفری پہنچی اور علاقے کامحاصرہ کرکے ہرقسم کی آمدورفت بندکردی،اس دوارن داخلی وخارجی راستوں پردرجنوں اہلکار تعینات کردیے گئے ۔ رینجرز ترجمان کے مطابق اس دوران 23 ملزمان کو حراست میں لیاگیاجن میں ایک ٹارگٹ کلرشمیم الرحمن بھی شامل ہے ۔

مجموعی طور پر شہر کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیے جانے والے ملزمان سے مختلف اقسام کے 16 ہتھیار اورمتعدد رائونڈ برآمد کیے گئے جبکہ منشیات بھی برآمد کی گئی ،ملزمان کو تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے،پولیس نے پیراورمنگل کی درمیانی شب پٹیل پاڑہ، لیاقت آباد ڈاکخانہ،سی ایریا،شریف آباداورمتصل دیگرعلاقوں میں چھاپے مارکرمتعددمشتبہ افرادکوگرفتار کرکے اسلحہ برآمدکر لیا۔ پولیس نے ڈالمیاکے علاقے شانتی نگرمیں جرائم پیشہ افرادکی موجودگی کی اطلاع پرچھاپہ مارا،اس دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پرپولیس کی بھاری نفری موجودتھی اورکسی کوبھی علاقے میں داخل ہونے یاعلاقے سے باہرنکلنے کی اجازت نہیں تھی۔

اس دوران پولیس نے6 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمدکرلیا۔ سی آئی ڈی کی ٹیموں نے سپر ہائی وے اورنیشنل ہائی وے پرواقع مختلف گوٹھوں میں چھاپہ مارکارروائیاں کیں اور درجنوں مشتبہ افرادکو حراست میں لے کران سے اسلحہ بھی برآمدکیا،گرفتارملزمان کونامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔ حساس ادارے کی ایک ٹیم نے ٹیپو سلطان تھانے کی حدود چنیسر گوٹھ مجاہد کالونی فوجی قبرستان کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مار کر طالبان کمانڈر حبیب اﷲ محسود گروپ سے تعلق رکھنے والے12افراد کی حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ ، کمپیوٹر ، لیپ ٹاپ ، سی ڈیز ، جہادی لٹریچر سمیت دیگر اہم دستاویزات برآمد کر کے حراست میں لیے جانے والے ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دی۔

جبکہ رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن نمبر7میں چھاپہ مار کر ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ ایک اور کارروائی میں رینجرز نے لانڈھی کے علاقے سے وسیم عرف کمانڈو سمیت6افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ رینجرز نے سفورا گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران 8 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔