مردان کے ایکسائزآفس میں خودکش دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 15 سے زائد زخمی

ویب ڈیسک  منگل 19 اپريل 2016
علاقے کو گھیرے میں لے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، ڈی پی او:فوٹو:اے ایف پی

علاقے کو گھیرے میں لے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، ڈی پی او:فوٹو:اے ایف پی

مردان: ایکسائزآفس میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق مرادن میں ایکسائزآفس کے قریب خود کش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد پولیس اورسیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پرپہنچ گئے جب کہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال منتقل کردیا جب کہ بعض مریضوں کو پشاور لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار ایکسائز آفس کے اندر جانا چاہتا تھا جسے باہر ہی روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے جب کہ حملہ آورنے 8 سے 10 کلوباروی مواد کی خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے، دھماکے سے قبل فائرنگ بھی کی گئی جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم مال روڈ مردان کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔