فیکٹری آتشزدگی کیس 4سرکاری محکموں کے سربراہ ملزم قرار فوری گرفتاری کا بھی حکم

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 15 نومبر 2012
محکموں نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا، پولیس نے عبوری چالان میں محکموں کی غفلت ظاہر کی تھی،عدالت، پولیس کی محکموں کے سربراہوں کو گواہ بنانے سے متعلق استدعا مسترد ۔فوٹو : اے ایف پی/ فائل

محکموں نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا، پولیس نے عبوری چالان میں محکموں کی غفلت ظاہر کی تھی،عدالت، پولیس کی محکموں کے سربراہوں کو گواہ بنانے سے متعلق استدعا مسترد ۔فوٹو : اے ایف پی/ فائل

کراچی: عدالت نے بلدیہ فیکٹری آتشزدگی کیس میں 4سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران کو ملزم قرار دیدیا اور محکمہ سائٹ کے ایم ڈی رشید احمد سولنگی ، سول ڈیفنس کے ایڈیشنل کنٹرولر غلام اکبر ، لیبر ڈیپارٹمنٹ سندھ کے ڈائریکٹر زاہد گلزار شفیع ، چیف انسپکٹر الیکٹریکل گورنمنٹ آف سندھ امجد علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے اور پولیس کو ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

پولیس نے مقدمے کے چالان میں مذکورہ محکمے کے سربراہوں کو بے گناہ قرار دیدیا تھا اوراستغاثہ کے گواہوں کی فہرست میں ان کا اندارج کیا تھا،عدالت نے پولیس کی محکموں کے سربراہوںکوگواہ بنانے سے متعلق استدعا مستردکردی تھی،ڈی ڈی پی وسطی کے مختصر ریمارکس کو مسترد کردیا اور چالان میں خارج کی گئی دفعات 435/436کے متعلق فیصلہ مقدمے کی سماعت کرنے والی عدالت کی صوابدید پر چھوڑ دیا کہ وہ کسی بھی مناسب مرحلے پر ان کا جائزہ لے، تفصیلات کے مطابق بدھ کو مقدمے کے تفتیشی افسرجہاں زیب نے فیکٹری آتشزدگی کیس کی تفتیش مکمل کرکے مقدمے کا چالان جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشوری کے روبرو پیش کیا تھا ۔

چالان میں سرکاری اداروں میں شامل سائٹ لمیٹڈ ، الیکٹریکل ڈپارٹمنٹ ریجنل سائٹ ، فائرڈپارٹمنٹ اورسول ڈیفنس کے سربراہوں کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ان محکموں کے اہلکاروں کا کوئی ارادی مجرمانہ فعل ثابت نہیں ہوتا تاہم غیر ذمے داری سے متعلق علیحدہ رپورٹ مرتب کرکے ان کے افسران کو دی جائیگی ، جس پر فاضل عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں پولیس کے مذکورہ موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اپنے عبوری چالان میں محکموں کی غفلت اورلاپروائی ظاہر کی تھی بعدازاں انھیں گواہوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ محکمے ہیں فرد نہیں ،فاضل عدالت نے کہا کہ الیکڑک انسپکٹر کی ذمے داری تھی کہ وہ فیکٹری کا وقتاً فوقتاً انسپکشن اوررپورٹ مرتب کرتے لیکن انھوں نے ذمے داری احسن طریقے سے سرانجام نہیں دی اور غفلت کا مظاہرہ کیا جس کے باعث حادثہ رونما ہوا۔

سائٹ کی ذمے داری تھی کہ وہ غیرقانونی تعمیرات کو روکتے تاہم انھوں نے اس غیرقانونی تعمیرات پر کوئی رپورٹ نہیں کی اور نہ ہی فیکٹری کے خلاف کوئی کارروائی کی، انکے سربراہ کی غفلت نمایاں ہے ،سول ڈیفنس کی ذمے داری تھی کہ وہ حفاظتی آلات کی فیکٹری میں موجودگی کو یقینی بناتے لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا جس کے باعث حادثہ اور ہلاکتیں ہوئیں ، لیبر ڈپارٹمنٹ نے اپنی ذمے داری پوری نہیں کی انھوں نے فیکٹری ایکٹ 25/1935کی خلاف ورزی کی اور حفاظتی اقدامات کا کبھی کوئی جائزہ نہیں لیا ۔

عدالت نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر وسطی کی جانب سے چالان کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ میں سیکشن 435/436کو خارج کرنے پر ان کی مختصر رپورٹ کو مسترد کردیا اور اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ اٹارنی نے سیکشن9آف سندھ کرمنل پراسیکیوشن سروس ایکٹ 9کی خلاف ورزی کی ہے اور اپنے اختیارات سے تجاویز کرتے ہوئے چالان کی جانچ پڑتال کیلیے تین روز کی مہلت لی تھی لیکن مذکورہ سیکشن کو خارج کرنے سے متعلق کوئی تفصیلی ریمارکس نہیں دیے لہذا ماتحت عدالت کو مذکورہ خارج شدہ سیکشن کومناسب وقت پر خارج کرنے کا اختیار ہے، فاضل عدالت نے سماعت 27نومبر تک ملتوی کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔