آسٹریلوی وفد کی یو اے ای آمد، انتظامات کا جائزہ لیا

ایکسپریس اردو  ہفتہ 21 جولائی 2012
دبئی،ابوظبی،شارجہ میں موسم،سیکیورٹی وسہولتیں دیکھیں،ارکان مطمئن ہو کر گئے، مانی. فائل فوٹو

دبئی،ابوظبی،شارجہ میں موسم،سیکیورٹی وسہولتیں دیکھیں،ارکان مطمئن ہو کر گئے، مانی. فائل فوٹو

کراچی: آسٹریلوی وفد نے کرکٹ سیریز سے قبل یو اے ای میں انتظامات کا جائزہ لے لیا، ارکان نے دبئی، ابوظبی اور شارجہ تینوں وینیوز کا جائزہ لیا، امارات بورڈ کے چیف دلاور مانی کا کہنا ہے کہ وفد تمام انتظامات سے مطمئن ہو کر وطن واپس گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کینگرو ٹیم 25 اگست کو یو اے ای میں افغانستان کیخلاف ون ڈے میچ کے بعد28 تاریخ سے 5 ستمبر تک پاکستان سے نبردآزما ہوگی، آسٹریلوی کرکٹرز ایسوسی ایشن نے شدید گرمی میں سیریز اور شام 6 بجے ایک روزہ میچز شروع ہونے پر اعتراض کیا تھا، گذشتہ دنوں ایک وفد نے میزبان شہروں کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا، اس میں کرکٹ آسٹریلیا کے جنرل منیجر کرکٹ آپریشنز جیف ایلرڈائس، سیکیورٹی منیجر سین کیرول، ٹیم منیجر گیون ڈووے اور کرکٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹر روئچ شامل تھے،

پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی بریگیڈیئر ساجد اور عثمان واہلہ نے کی، وفد اب بورڈ کے اعلیٰ حکام جبکہ ایسوسی ایشن کا نمائندہ کرکٹرز کو اپنی رپورٹ پیش کرے گا، اس حوالے سے امارات کرکٹ بورڈ کے چیف دلاور مانی نے ابوظبی سے فون پر نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ وفد نے پیر، منگل اور بدھ کو شارجہ،ابوظبی اور دبئی میں موسم، سیکیورٹی و سہولتوں کا جائزہ لیا، ہم نے انھیں اپنا سیکیورٹی پلان بھی دکھایا،

آسٹریلوی آفیشلز مکمل مطمئن ہو کر واپس گئے ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ اب ان کی کوئی شکایت باقی رہی ہو گی، انھوں نے کہا کہ ہم ماضی میں بھی کئی سیریز کی میزبانی کر چکے اور انتظامات سب کے سامنے ہیں، اس بار بھی بہترین انداز سے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ گذشتہ دنوں عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان والے دلاور مانی نے کہا کہ جب تک امارات کرکٹ بورڈ کو میرا کوئی مناسب متبادل نہیں ملتا بطور چیف کام کرتا رہوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔