کراچی میں 9 رمضان کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد،اسٹار پلیئرز شرکت نہیں کرینگے (اسپورٹس)

ایکسپریس اردو  ہفتہ 21 جولائی 2012
معین خان نے زیرمعاہدہ کھلاڑیوں کولوکل ایونٹس میں کھیلنے کی اجازت دینے کی اپیل کی ہے ۔ فائل فوٹو

معین خان نے زیرمعاہدہ کھلاڑیوں کولوکل ایونٹس میں کھیلنے کی اجازت دینے کی اپیل کی ہے ۔ فائل فوٹو

کراچی: کراچی میں رمضان المبارک کے موقع پر9 کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد ہونا ہے، تاہم اسٹار پلیئرزکو شرکت کی اجازت نہ ملنے کے سبب اس مرتبہ ایونٹس کا رنگ پھیکا رہے گا، منتظمین نے قومی کرکٹرز کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس مرتبہ ٹیموں کو2 کے بجائے 4 مہمان کرکٹرز کھلانے کی اجازت دیدی ہے۔

ان ٹورنامنٹس میں نمایاں معین خان کرکٹ اکیڈمی کے زیر اہتمام دوسرا کارپوریٹ ٹوئنٹی 20 کپ، ڈاکٹر شاہ کپ، کراچی جیمخانہ کپ، راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی گلبرگ پر پیس کپ اور وائٹل فائیو کلب کے ٹورنامنٹس شامل ہیں۔ کارپوریٹ کپ 28 جولائی سے 11 اگست تک ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائیگا،انعامی رقم 9 لاکھ 30 ہزار روپے ہے، فاتح کو 5 لاکھ روپے اور رنر اپ کو ڈھائی لاکھ روپے ملیں گے، ایونٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

27 واںکراچی جیمخانہ کپ ٹورنامنٹ یکم رمضان سے شروع ہوگا جس کی مجموعی انعامی رقم 9 لاکھ 49 ہزار روپے ہے، فاتح کو ساڑھے 4 لاکھ روپے اور رنر اپ کو سوا 2 لاکھ روپے ملیں گے،ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

دریں اثناء سابق کپتان معین خان نے پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف سے اپیل کی کہ پی سی بی کے زیرمعاہدہ کرکٹرز کو رمضان ٹورنامنٹس میں کھیلنے کی اجازت دی جائے، انھوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے شائقین کو اسٹار کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع نہیں مل رہا ہے، رمضان کرکٹ کے ذریعے یہ تشنگی ختم ہو سکے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔