صارفین کو بجلی کے درست بل جاری کیے جائیں، حیسکو چیف

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 16 نومبر 2012
مظفر عباسی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مکمل قانونی کارروائی اور سروے کے بعد منظور کیے جائیں۔ فوٹو: فائل

مظفر عباسی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مکمل قانونی کارروائی اور سروے کے بعد منظور کیے جائیں۔ فوٹو: فائل

حیدر آباد: چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو مظفر علی عباسی نے میٹر ریڈنگ اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ صارفین کو بجلی کے درست بل جاری کیے جائیں۔

اگر ان ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا تو متعلقہ عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وہ کانفرنس ہال میں میٹر ریڈرز اور پلاننگ اینڈ انجینئرنگ اسٹاف کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں پلاننگ اینڈ انجینئرنگ سیکشن کے چیف انجینئر خالد رؤف دُرانی و دیگر افسران نے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں حیسکوچیف کوتفصیلی بریفنگ دی۔ مظفر عباسی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مکمل قانونی کارروائی اور سروے کے بعد منظور کیے جائیں، انہوں نے میٹر ریڈنگ اسٹاف کوبتایا کہ ریجن کے 12 اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جسے مزید تیز کردیا گیا ہے۔

اس سے بجلی چوری ختم اور لائن لاسز میں کمی لائی جا سکتی ہے تا کہ حیسکو ترقی کی طرف گامزن ہو۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ صارفین کو بہترین سروس فراہم کی جائے ۔ اس موقع پر واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے مرکزی صدر عبدالطیف نظامانی نے کہا کہ ملازمین ادارے کی بہتری کیلیے مزید محنت اور لگن سے کام کریں۔ اس موقع پر لئیق احمد خان، بشیر احمد بلوچ،قاضی خالد جونیجو، لونگ خان جاکھرانی و دیگر بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔