پیٹرمورز 10 روز میں پلان پی سی بی کو ارسال کردیں گے

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 16 نومبر 2012
کرکٹ اور اکیڈمیز کی بہتری کیلیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہوں، سابق انگلش کوچ   فوٹو: فائل

کرکٹ اور اکیڈمیز کی بہتری کیلیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہوں، سابق انگلش کوچ فوٹو: فائل

لاہور: سابق انگلش کوچ پیٹرمورز پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ اور اکیڈمیز کی بہتری کیلیے پلان 10 روز میں پی سی بی کو ارسال کر دیں گے۔ وہ لنکا شائر کائونٹی کی مصروفیات سے وقت نکال کر پاکستان کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ میں نے بدھ اور جمعرات کو میٹنگز میں سابق کرکٹرز و عہدیداروں سمیت سب کی باتوں کو بغور سنا اور معاملات کا جائزہ لیا، پاکستان کے پاس جاوید میانداد اور انتخاب عالم سمیت کرکٹ کے عظیم کھلاڑی اور ماہرین موجود ہیں،بورڈ کے عہدیداروں میں کھیل کو بہتر سے بہتر بنانے کیلیے فکر مندی بھی نظر آتی ہے، میں لنکا شائر کے ساتھ اپنے کام سے مطمئن تاہم پی سی بی کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ اور اکیڈمیز کی بہتری کیلیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہوں۔

انھوں نے کہا کہ میں نے جو معلومات حاصل کیں ان کی بنیاد پر رپورٹ تیار کر کے پلان 10 روز میں پاکستانی بورڈ کو تجویز کر دوں گا۔ ایک سوال پر مورز نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کی اکیڈمیز کا سسٹم زیادہ مختلف نہیں، ہر ملک اپنی کرکٹ کو بہتر بنانے کیلیے کوئی نہ کوئی حکمت عملی ترتیب دیتا ہے، اگر مربوط پروگرام طویل عرصہ تک جاری رکھے جائیں تو نتائج ضرور حاصل ہو تے ہیں، پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ سے وابستہ مسائل کو مقامی حکام ہی بہتر جانتے ہوں گے، میرا کام صرف مثبت تجاویز دینا ہے جس کیلیے تھوڑا وقت درکار ہوگا۔

اس موقع پر انتخاب عالم نے کہا کہ سابق انگلش کوچ نے اکیڈمیز کیلیے شاندار کام کرتے ہوئے مستقبل کے اچھے کرکٹرز تیار کیے، اسی تجربہ سے فائدہ اٹھانے کے لیے انھیں پاکستان آنے کی دعوت دی گئی، امید ہے ان کی تجاویز ہمارے کام آئیں گی۔ یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف جمعے کو بھی کئی معروف کرکٹرز سے تبادلہ خیال کریں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔