ماہین دادا نے ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 16 نومبر 2012
آج فیصلہ کن معرکے میں ہانیہ سے مقابلہ، وانیا اورعروج  التفات کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔   فوٹو: فائل

آج فیصلہ کن معرکے میں ہانیہ سے مقابلہ، وانیا اورعروج التفات کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ نمبر ون اور نیشنل رینکنگ میں نمبر چار کھلاڑی ماہین دادا نے صبح نو ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

جمعرات کو کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں انھوں نے وانیا خان کو زیر کیا،وانیا تجربہ کار حریف کا سامنا کرنے میں ناکام نظر آئیں اور انھیں اسٹریٹ سیٹس میں 6-1،6-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جمعے کو فیصلہ کن معرکے میں ماہین کا سامنا ہانیہ نوید سے ہو گا جنھوں نے سیمی فائنل میں عروج التفات کو شکست دی، عروج پہلا سیٹ ہارنے اور دوسرے میں3گیمزکے خسارے میں جانے پر مقابلے سے دستبردار ہوگئیں،اس وقت اسکور6-0,3-0 تھا۔ بوائزانڈر14کے فائنل میں داور ریحان نے شاندار مقابلے کے بعد محمد رضا سوانی کو6-3,4-6,6-2 سے قابو کیا۔

رضا نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرا سیٹ اپنے نام کیا،داور تیسرے سیٹ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ داور جمعے کو بوائز انڈر 18فائنل میں عقیل شبیر کا سامنا کریں گے۔ بوائز انڈر11 کے سیمی فائنل میں محمد دادا نے امین شفیع کو6-2,1-6,6-2 سے ہرا کر ٹرافی میچ کیلیے کوالیفائی کیا، دونوں نوعمرکھلاڑیوں نے اچھاکھیل کا مظاہرہ کیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں محمد احمد کے حریف شازل ملک نے پہلے سیٹ میں 2 گیمز جیتنے کے باوجود مقابلہ مکمل کرنے سے انکار کر دیا، ان کے ڈس کوالیفائی ہونے پر احمد فائنل میں پہنچ گئے۔ تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی پاکستان کے نامور ٹینس کھلاڑی نومی قمر ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔