فضائی بیٹرے میں جلد نئے طیارے شامل کرینگے، چیئرمین پی آئی اے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 16 نومبر 2012
سامان گمشدگی ٹریکنگ سسٹم اورموبائل ریمپ سائڈ ورکشاپ بھی قائم کی جارہی ہے فوٹو: فائل

سامان گمشدگی ٹریکنگ سسٹم اورموبائل ریمپ سائڈ ورکشاپ بھی قائم کی جارہی ہے فوٹو: فائل

کراچی: پی آئی اے کے چیئرمین وسیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل( ر )آصف یسٰین ملک نے کہا ہے کہ مسافروںکو زیادہ سے زیادہ سفری سہولیتں فراہم کی جائیں۔

یہ بات انھوں نے ایئر لائن ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر پائلٹس،ایئرہوسٹسز اورایئرکرافٹ انجینئرزسے بات چیت کرتے ہوئے کہی،انھوںنے کہا کہ پی آئی اے اس خطے کی پہلی ایئر لائن تھی جس نے جیٹ لائنر متعارف کرائے تھے،انھوں نے کہا کہ وہ ہفتے میں دو دن پی آئی اے کی حالت بہتر بنانے کیلیے ایئرلائن کے دفتر میں موجود رہیںگے اور براہ راست رابطہ اور ملازمین کی آرا جاننے کیلیے ان کا ای میل ایڈریس سب ملازمین کو فراہم کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ایک مربوط ویجلنس سسٹم بھی بنایا جا رہا ہے تا کہ غلط کام کوفوراً چیک کیا جا سکے اورسسٹم میں بہتری لائی جائے،مسافروںکی سہولیات کیلیے لمبی مسافت کی بین الاقوامی پروازوںکیلیے بوئنگ777 کے کیبن کواپ گریڈ کیاجارہا ہے،بعد ازاں دوسرے طیاروںکے کیبن بھی اپ گریڈ کیے جائیں گے، شیڈولنگ سسٹم ،بزنس میں شفافیت اور پی آئی اے ملازمین کی پینشنزکو بھی ریویوکیاجارہا ہے،سامان گمشدگی ٹریکنگ سسٹم اورموبائل ریمپ سائڈ ورکشاپ بھی قائم کی جارہی ہے تاکہ کیبن اوردیگر ضروری مرمت کوکم سے کم وقت میں ریمپ پر ہی کیا جا سکے،چیئرمین پی آئی اے نے کہا کہ ایئرلائن کے90فیصد مسائل کوحل کرنے میں ایک سال کا وقت لگے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔