سعودی عرب کے سامنے ارجنٹائن کا جادو پھیکا پڑگیا

اے ایف پی  جمعـء 16 نومبر 2012
ٹاپ ٹیم کوحریفوں نے تگنی کا ناچ نچا دیا، میسی جیسے سپراسٹارز بھی پانی بھرتے دکھائی دیے، مقابلہ بغیرکسی گول کے ڈرا۔   فوٹو: فائل

ٹاپ ٹیم کوحریفوں نے تگنی کا ناچ نچا دیا، میسی جیسے سپراسٹارز بھی پانی بھرتے دکھائی دیے، مقابلہ بغیرکسی گول کے ڈرا۔ فوٹو: فائل

پیرس / ریاض: دوستانہ فٹبال میچ میں سعودی عرب کے سامنے ارجنٹائن کا جادو پھیکا پڑگیا۔

دنیا کی ٹاپ ٹیم کو حریف فٹبالرز نے تگنی کا ناچ نچا کر رکھ دیا، لیونل میسی جیسے سپر اسٹارز بھی پانی بھرتے دکھائی دیے، اسامہ الحربی کا گول آف سائیڈ فیصلے کی نذر نہ ہوتا تو مہمان ٹیم کو مزید خفت اٹھانا پڑتی، مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، ادھر سوئیڈن کے زلاتان ابراہیمووچ نے اپنے پائوں کی ٹھوکروں سے انگلش دفاع کی دھجیاں بکھیر دیں، ان کے چار گولز نے حریف کو ہکا بکا کردیا، سوئیڈش ٹیم نے مقابلہ 4-2 سے جیت کر انگلش منیجر روئے ہوجسن کا ہنی مون پیریڈ بھی ختم کردیا، فرانس نے اٹلی کو 2-1 سے پچھاڑ دیا، سربیا نے چلی کو ہرایا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور ارجنٹائن کا دوستانہ فٹبال میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

لیونل میسی بھی سعودی فٹبالرز کے سامنے اپنا جادوجگانے میں ناکام رہے، انھوں نے ویک اینڈ پر ریئل میلورکا کے خلاف بارسلوناکی جانب سے گیندکو دوبار جال کی راہ دکھائی تھی،جس کی وجہ سے ان کے رواں برس اب تک گولز کی تعداد 76 ہوئی جس سے انھوں نے پیلے کو پیچھا چھوڑا جنھوں نے 1958 میں 75 گولز کیے تھے،ابھی ان کے سامنے گیرڈ میولیر کا 85 گولز کا ریکارڈ ہے جو انھوں نے 1972 میں بنایا تھا،میسی سعودی عرب کے خلاف میچ میں میولیر سے فاصلہ کم کرنے میں ناکام رہے، اس کے ساتھ وہ قومی ٹیم کی جانب سے سال میں اسکور کیے جانے والے اپنے 12 گولز سے بھی آگے نہیں بڑھ پائے، انھیں گیبرائیل بٹسٹوٹا کا ریکارڈ توڑنے کیلیے ایک اور گول درکار ہے۔ سعودی عرب کی ٹیم ارجنٹائن سے کہیں پیچھے اور عالمی رینکنگ میں اس کا نمبر 112 ہے، اس کے باوجود ارجنٹائن کو اپنے ہوم گرائونڈ پر ٹف ٹائم دیا۔

اسٹار فٹبالرز سے سجی مہمان ٹیم کو شکست کی بھی خفت اٹھانا پڑسکتی تھی مگر اسامہ الحربی کا 29 منٹ میں کیا جانے والا گول آف سائیڈ فیصلے کی وجہ سے مسترد کردیا گیا۔ اس سے قبل محمد الصاحلوی کی کک پرگیندگول بار کے قریب سے گزرگئی۔ دوسری جانب ارجنٹائن کے سرگیو اگیرو بھی گول کرنے کے موقع سے فائدہ نہیں اٹھا پائے، ایک موقع پر یاسر الشاہرانی نے میسی کی جانب سے گیند کو جال میں پھینکنے کی کوشش ناکام بنائی۔ ادھر نیدرلینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں سوئیڈن نے انگلینڈ کو 4-2 سے ہرا دیا، چاروں گول سپر اسٹار زلاتان ابراہیمووچ نے کیے، جب انجری ٹائم میںانھوں نے قلابازی کھا کر سائیکل کک پر گیند کو جال میں پھینکا تو باہر موجود ساتھی کھلاڑیوں نے کھڑے ہوکر انھیں داد دی، یہ انگلینڈ کے منیجر روئے ہوجسن کی 12 مقابلوں میں پہلی شکست تھی۔ سوئیڈش کوچ ایرک ہامرین نے کہاکہ زلاتان نے آخر میں جو کک لگائی وہ انتہائی حیرت انگیز ہے ۔

ایسی کک کو دیکھ کر بعض اوقات لگتا ہے کہ آپ ویڈیو گیم دیکھ رہے ہیں۔ دیگر دوستانہ مقابلوں میں ورلڈ اور یورپیئن چیمپئن اسپین نے پناما کو 2-1 سے شکست دی، یوروگوئے نے پولینڈ پر 3-1 سے قابو پایا، یونان نے جمہوریہ آئرلینڈ کو 1-0 سے قابو کیا، البانیہ اور کیمرون کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، فرانس نے اٹلی کو 2-1 سے ٹھکانے لگایا، اس سے قبل سابق کپتان ڈیڈا ڈیشمپ کی کوچنگ میں فرنچ ٹیم کا ورلڈ کپ کوالیفائر میں اسپین سے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا، پرتگال اور گیبون کا میچ 2-2 اور نیدرلینڈ و جرمنی کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، آئیوری کوسٹ نے آسٹریا کو 3-0 سے مات دی، اسکاٹ لینڈ نے لکسمبرگ کو 2-1 سے پچھاڑا، سربیا نے چلی کو 3-1 سے قابو کیا، رومانیہ نے بیلجئم کو 2-1 سے ہرایا، ڈنمارک اور ترکی کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا، سوئٹزرلینڈ نے تیونس کو 2-1 سے شکست دی، روس اور امریکا کا مقابلہ 2-2 جبکہ جارجیا اور مصر کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔