متحدہ اور دینی قوتوں کو لڑانے کی سازش ناکام بنادینگے، طاہر اشرفی

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 16 نومبر 2012
  الطاف حسین سے ٹیلی فون پر تفصیلی بات ہوئی ، چیئرمین علما کونسل سے متحدہ کے وفد کی ملاقات

الطاف حسین سے ٹیلی فون پر تفصیلی بات ہوئی ، چیئرمین علما کونسل سے متحدہ کے وفد کی ملاقات

اسلام آ باد: کراچی کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر رکن پارلیمنٹ وسیم اختر کی سربراہی میں ایم کیوایم کے وفد نے یہاں چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی ،علامہ زاہد محمود قاسمی،مولانا محمد صدیق،علامہ نوید مسعود ہاشمی،مولانا محمد عثمان،مولانا سعد ہزاروی ، مولانا محمد امجدسے ملاقات کی اور انھیں قائدتحریک الطاف حسین کا پیغام پہنچایا ۔

وفد میں عبد القادر خانزادہ ،اقبال محمد علی اور ممبر سی ای سی زاہد ملک شامل تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ متحدہ اور دینی قوتوں کو لڑانے کی سازش ناکام بنادی جائے گی۔ علامہ مے کہا کہ ان کی قائد تحریک الطاف حسین سے ٹیلی فون پر تفصیلی بات ہوئی، الطاف حسین نے کراچی میں مدارس پر حملوں کے وقت شہید ہونے والے طلبا کے قتل کی سخت مذمت کی اور کہاکہ ایم کیو ایم اس مرتبہ یکم محرم الحرام کو یوم فاروق اعظم منائے گی اور اس سلسلے میں باضابطہ تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔

ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ الطاف حسین نے انہیں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ انھوں نے مدارس اور مساجد کے کوائف اکٹھے کرنے کا نہیں بلکہ صرف اتنا کہا کہ ہر محلے دار کو پتہ ہونا چاہیے کہ ان کا امام اور خطیب کون ہے کہیں ایسا نہ ہو کوئی ان کے روپ میں کوئی غیر قانونی سرگرمی کرجائے ،ایک سوال پر طاہر اشرفی نے کہا کہ دوہفتوں میں مدارس کے طلباء کے قتل کے واقعات سے یہ تاثر پیدا ہورہا تھا کہ شاید اس میں ایم کیو ایم ملوث ہے حالانکہ ایسا ہرگز نہیں تھا ۔ اہلسنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی اور گورنر سندھ کی ملاقات سے صورتحال میں بہتری پیدا ہو گی۔ حق پرست رکن قومی اسمبلی وسیم اختر نے کہا کہ ایم کیو ایم کا وفد کراچی میں مدارس پر حملوں میں شہید ہونے والے علما و طلبا کے گھروں میں جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔