پنجاب میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ جنت نہیں ،ثنا اللہ

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعـء 16 نومبر 2012
سارے پختون طالبان نہیں،اب آپریشن ہی کرناپڑیگا،زاہدحسین’’ٹودی پوائنٹ‘‘میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

سارے پختون طالبان نہیں،اب آپریشن ہی کرناپڑیگا،زاہدحسین’’ٹودی پوائنٹ‘‘میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ پنجاب میں کوئی علاقہ ایسا نہیں ہے جہاں حکومت کی رٹ نہ ہو پنجاب میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ جنت نہیں ۔

اگر کوئی کہتا ہے کہ پنجاب میں فلاں جگہ پر کوئی دہشتگردی کا ٹریننگ سینٹر ہے تو ہمیں بتائے ہم کارروائی کریں گے۔پروگرام ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ اے این پی اور ایم کیوایم مان رہے ہیں کہ حکومت کراچی میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے تو پیپلزپارٹی کو بھی مان لینا چاہئے ۔ہم فوج کے ٹیک اوورکرنے کیخلاف ہیں لیکن سول انتظامیہ کی مدد کے لئے فوج کی خدمات لینے میں کوئی اعتراض نہیں ،کراچی کے نوگوایریاز کو ختم ہونا چاہئے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہاکہ یہ کہنا درست نہیں کہ حکومت کراچی کے حالات ٹھیک کرنے میں سنجیدہ نہیں۔میڈیا آدھی بات بتاتا ہے ہم نے سارے لوگوں کی ہیڈ منی ختم نہیں کی تھی جن لوگوں کی ہیڈمنی ختم کی گئی ان کے بارے میں تحقیقات ہوئیں اور جب وہ بے قصور ثابت ہوئے تو پھر ان کے نام لسٹ میں سے نکالے گئے ہیں ۔کراچی میں سوات جیسا آپریشن نہیں کیا جاسکتا کراچی کے عوام اور سوات کے لوگوں کے رہن سہن میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔

ایم کیوایم کے رہنما وسیم اختر نے کہاکہ حکومت نے آج تک کراچی کے حالات کو ٹھیک کرنے میں سنجیدگی نہیں دکھائی اگر نیت کرلی جائے تو ایک ماہ میں کراچی کے حالات ٹھیک ہوسکتے ہیں۔کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن ہونا چاہئے۔اے این پی کے رہنما زاہد حسین نے کہا کہ لشکر جھنگوی ،جیش محمد ، لشکرطیبہ کے ہیڈکوارٹرز کہاں ہیں یہ سارے گروپ سارے پاکستان کا امن خراب کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔