حکومت غیرقانونی حربوںپر اترآئی ہے،چوہدری نثار

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 16 نومبر 2012
 عوامی حمایت سے محروم حکومت من پسندنگران سیٹ اپ لانا چاہتی ہے, چوہدری نثار فوٹو: فائل

عوامی حمایت سے محروم حکومت من پسندنگران سیٹ اپ لانا چاہتی ہے, چوہدری نثار فوٹو: فائل

اسلام آ باد: قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سندھ میں ارکان اسمبلی کو ان کی مرضی کے مطابق اپوزیشن بینچیں نہ دینا ضابطے،قانون اور آئین کی صریح خلاف ورزی ہے،جان بوجھ کر سندھ اور بلوچستان میں اپوزیشن لیڈر نامزد نہیں کیا جارہا۔

تاکہ آئندہ صوبائی نگران حکومت کے قیام کے موقع پر اپوزیشن کی سرے سے کوئی رائے ہی شامل نہ ہو اور حکمران اپنی مرضی کا نگران سیٹ اپ لے آئیں،عوامی حمایت سے محروم حکومت اپنی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کیلیے نت نئے متنازع اور غیرقانونی حربے استعمال کرنے پر اترآئی ہے۔یہ ان کی اس ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ آئندہ الیکشن جیتنے کیلیے ہر حربہ استعمال کریںگے۔انھوں نے کہا کہ اپنی مرضی کی نشست پر بیٹھنا ہررکن اسمبلی کابنیادی جمہوری حق ہے۔انھیں اس حق سے محروم کرنیوالے دھاندلی کے مرتکب ہورہے ہیں ۔ آئندہ چند دنوں میں سندھ اور بلوچستان کے دوستوں سے مل کر اس سلسلے میں متفقہ لائحۂ عمل اختیار کرینگے تاکہ آئندہ الیکشن کو شفاف بنایاجاسکے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔