ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلیے ایجنڈا تیارکرلیا، نواز شریف

نمائندہ ایکسپریس / آئی این پی / آن لائن  جمعـء 16 نومبر 2012
 پاکستان اور بھارت مسائل مذاکرات سے حل کریں، وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارت مسائل مذاکرات سے حل کریں، وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں ترقی اور استحکام کیلیے پاکستان اور بھارت کے درمیان وفود کے تبادلے اور بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات خوش آئند ہیں۔

موجودہ دنیا معیشت کی دنیا ہے۔ رائیونڈ میں بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں کی معیشت مضبوط ہوگی تو اس سے دونوں ممالک کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور اُنہیں ایک خوشحال ماحول میسر آسکے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک اپنے مسائل مذاکرات کی میز پر حل کریں۔

بہار کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ پاکستان آکر بہت خوش ہوئے ہیں اور پنجاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور گڈگورننس کے بارے میں جان کر انہیں خوشی ہوئی ہے۔ کوٹ ادو اور مظفرگڑھ سے سابق رکن قومی اسمبلی، سینیٹر میاں غلام عباس قریشی، سابق سینیٹر میجر امجد عباس اور میاں ارشد عباس قریشی سے گفتگو میں نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن آئندہ عام انتخابات میں اچھے اورمضبوط امیدواروں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ملک وقوم کو بحرانوں سے نکالنے کیلیے عام انتخابات سے قبل ہی ایجنڈا تیار کرلیا گیا ہے۔ اسی ایجنڈے کے تحت مسلم لیگ ن کا منشور بھی انقلابی ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔