بھارتی ہدایتکار کبیر خان کا دوبارہ پاکستان نہ جانے کا اعلان

اہلیہ نے دوبارہ پاکستان جانے کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا ہے، بھارتی ہدایتکار


ویب ڈیسک April 30, 2016
کبیر خان کو پاکستان مخالف فلم ’’فینٹم‘‘ بنانے پر کراچی ایئرپورٹ پر مظاہرے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فوٹو: فائل

پاکستان مخالف فلمیں بنانے پر کراچی ائیرپورٹ پر مظاہروں کا سامنا کر نے والے بھارتی ہدایتکار کبیر خان کا کہنا ہے کہ اب وہ شاید دوبارہ پاکستان نہیں جاسکتے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ ہدایتکارکبیرخان کا کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ پران کے ساتھ ہونے والے مظاہرے کو اس اندازمیں لینا چاہیئے کہ دونوں ممالک کے عام افراد اس طرح کی کسی بھی صورتحال پر یقین نہیں رکھتے اور نہ ہی کسی بھی قسم کا تشدد چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ پرعوام فلم "فینٹم" میں پاکستان کو برے اندازمیں دکھنے پر ناراض تھے اور اس حوالے سے کچھ بھی سننا نہیں چاہتے تھے۔

دوبارہ پاکستان جانے کے حوالے سے کبیر خان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ نے انہیں صاف صاف کہہ دیا ہے کہ وہ اب پاکستان نہیں جائیں گے لہذا اب شاید ہی پاکستان جا سکوں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی فلم ڈائریکٹرکبیرخان کو کراچی ایئرپورٹ پر پاکستان مخالف فلم بنانے پرشہریوں کی جانب سے مظاہرے کا سامنا کرنا پڑا تھا، عوام نے ان کے خلاف شیم شیم کے نعرے بھی لگائے تھے۔

مقبول خبریں