پارلیمنٹ کوبالادست بنانے کا عمل جاری رہے گا،وزیراعظم

ایکسپریس اردو  ہفتہ 21 جولائی 2012
جمہوری و سیاسی قوتوں کے درمیان ہم آہنگی کیلیے کوئی کسراٹھا نہ رکھیںگے،تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی اس ذمے داری کا احساس کرنا چاہیے۔ فائل فوٹو

جمہوری و سیاسی قوتوں کے درمیان ہم آہنگی کیلیے کوئی کسراٹھا نہ رکھیںگے،تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی اس ذمے داری کا احساس کرنا چاہیے۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے اور اس کی بالادستی کے ایجنڈے پر عملدر آمدجاری رہے گا ، جمہوری و سیاسی قوتوں کے درمیان ہم آہنگی کیلیے کوئی کسراٹھا نہ رکھیںگے،تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی اس ذمے داری کا احساس کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعے کوعوامی نیشنل پارٹی کے وفداورنائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی سے الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔ اے این پی کے وفد نے وزیر اعظم کے دورہ افغانستان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ثناء نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا کوئی ذاتی یا پارٹی ایجنڈا نہیں ، ہم سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پارلیمنٹ کی بالادستی کا ایجنڈا اختیار کیے ہوئے ہیں ۔ادھر وزیر اعظم کی زیر صدارت سرمایہ کاری بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں انھوں نے غیر ملکی سر مایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیبات دینے کیلیے قواعد وضوابط میں ضروری ترامیم کی ہدایت کی،وزیر اعظم نے سر مایہ کاری بورڈ فنڈ کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی ۔

اجلاس سے خطاب میں پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کیلیے سر مایہ کاری کا فروغ نا گزیر ہے، وزیراعظم نے سرمایہ کاری بورڈ اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ موٹر سائیکل مینوفیکچرنگ، جنوبی کوریا کے لوٹی گروپ کے پیوریفائیڈ ٹیری پتھیلک ایسڈ پراجیکٹ، ایل این جی کی درآمد اور اسلام آباد میں سعودی کمپنی کے اہم منصوبے ’’سنٹورس‘‘ کو چند ماہ کے اندر کلیئر کیا جائے جو تقریباً 1.8ارب ڈالر سرمایہ کاری کے حامل ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم سے چیئرمین نادرا طارق ملک نے ملاقات کی اور انھیں جدید اسمارٹ این آئی سی کارڈ پیش کیا ، اسمارٹ این آئی سی کارڈ 36سیکیورٹی خصوصیات کا حامل ہے اور تکنیکی لحاظ سے جدیدترین کارڈ ہے۔ وزیراعظم نے چیئرمین نادرا کواس حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی ۔چیئرمین نے بتایا کہ اسمارٹ این آئی سی کارڈ حکومت کو فلاحی ریاست کے مقاصد کے حصول میں معاون ہو گا کیونکہ یہ کارڈ رکھنے والے افراد نقد رقوم کی تقسیم کے پروگراموں، مالیاتی لین دین، برانچ لیس بینکنگ، ہیلتھ انشورنس، لائف انشورنس اور الیکٹرانک ووٹنگ جیسی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں گے۔

وزیراعظم سے وزیر تجارت امین فہیم بھی ملے ، پرویز اشرف نے افغان حکومت کی طرف سے پاکستانی بزنس مینوں کو ملٹی پل ویزہ دینے پر شکریہ ادا کیا اورکہاکہ فیصلے سے کاروباری برادری کوفائدہ ہوگا۔وزیراعظم سے سابق سینیٹر رحمت اللہ کاکڑنے بھی ملاقات کی۔اے پی پی کے مطابق چوہدری شجاعت نے ملاقات میں ملتان میں پی پی پی کے امیدوار کی کامیابی پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔