انتخابی نتائج دیکھ کرپیپلزپارٹی کی آنکھیں کھل جائینگی،نوازشریف

ایکسپریس اردو  ہفتہ 21 جولائی 2012
حکمرانوں کے گھرجانے کاوقت قریب آگیا،ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں گے،گفتگو. فوٹو آئی این پی

حکمرانوں کے گھرجانے کاوقت قریب آگیا،ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں گے،گفتگو. فوٹو آئی این پی

لاہور / کوٹری: مسلم لیگ( ن) کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنی کرپشن اور لوٹ مار سے ملک کا بیڑہ غرق کررہی ہے، ملک بچانے کیلیے اس سے نجات حاصل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، پیپلزپارٹی والے آئندہ انتخابات کے حوالے سے جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ چکناچور ہوجائیںگے۔

رائے ونڈ میں منڈی بہائوالدین کے وفد سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ساری حکومت فرد واحد کی کرپشن بچانے میں لگی ہوئی ہے لیکن  لیگ ان کی لوٹی دولت واپس لائے گی اور ملک کو ایک مرتبہ پھر ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کیاجائے گا ۔

نوازشریف نے کہاکہ ن لیگ پاکستان اور اداروں کو بچانے کی جنگ لڑ رہی ہے اور اس کیلیے جتنی بھی بڑی قربانی دینا پڑی ہم اس کیلیے تیار ہیں ۔ حکومت نے ساڑھے چار سال میں کرپشن اور لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا اور اب بھی یہ اگلی حکومت کے خواب دیکھ رہے ہیں لیکن آئندہ انتخابات کے نتائج دیکھ کر پیپلزپارٹی کی آنکھیں کھل جائیںگی۔ کرپٹ حکمرانوں نے ملک میں لوٹ مار کی حد کردی ہے اور وقت آنے پر ان سے قومی دولت کی پائی پائی کا حساب لیا جائیگا ۔کراچی میں مسلم لیگ حیدرآباد ڈویژن کے وفد سے گفتگو میں نوازشریف نے کہا کہ موجودہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام رہے ہیں۔ عوام ان سے چھٹکارہ چاہتے ہیں،

حکمرانوں کے گھر جانے کا وقت قریب آگیا ہے، ملک میں حقیقی تبدیلی ہم لائیں گے، عدلیہ کے خلاف سازشیں برداشت نہیں کریں گے، صوبہ سندھ ہماری پارٹی کا قلعہ ہے، یہاں کے عوام بہت ہی مظلوم ہیں، سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم کی انتہا ہوچکی ہے، سندھ میں ن لیگ کی مقبولیت سے حکمران جماعت خوف میں مبتلا ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں سندھ کے انتخابی نتائج حیران کن ہوں گے۔ ہم اپنے سندھی بھائیوں کی اقتدار کے بغیر بھی ہر ممکن مدد کرتے رہیں گے، اگر سندھ میں ہماری حکومت برسر اقتدار آئی تو یہاں کے عوام کی قسمت بدل دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔