رمضان میں کراچی کا سیکورٹی پلان تیار، مزید 10 ہزار اہلکارتعینات کرینگے، قائم علی شاہ

ایکسپریس اردو  ہفتہ 21 جولائی 2012
بھتہ اور پرچی مافیا کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی ہدایت، پولیس میں نفری کی کمی کو جلد دور کردیا جائے گا،وزیر اعلیٰ سندھ، میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو ایکسپریس

بھتہ اور پرچی مافیا کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی ہدایت، پولیس میں نفری کی کمی کو جلد دور کردیا جائے گا،وزیر اعلیٰ سندھ، میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو ایکسپریس

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پولیس کی نفری کی کمی کو جلد دورکردیا جائے گا اور رمضان المبارک میں کراچی میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے مزید 10 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ وہ جمعہ کو وزیراعلیٰ ہائوس میں میڈیا سے گفتگوکررہے تھے ۔

انھوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں جدید ساز و سامان اور آلات کی کمی ہے جس کے لیے وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی ہے ،امید ہے کہ پولیس کو جلد وسائل مل جائیں گے،رمضان المبارک میں کراچی میں سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام اور تاجروں کو بھتہ خوری سے محفوظ رکھنے کے لیے بھتہ مافیا اور پرچی مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے،صدرزرداری نے بھی کراچی میں قیام امن کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اور صدر کی ہدایات کے بعد سیکیورٹی انتظامات کے لیے مزید اقدامات کیے جارہے ہیں،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کی جائے گی اور اس حوالے سے کوئی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رمضان پیکیج کا اعلان کردیا گیا ہے اور حکومت نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور گراں فروشی کی روک تھام کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی حکومت کے اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعلقات مضبوط ہیں اور ہم اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کراچی میں قیام امن اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی مشیر داخلہ عبدالرحمان ملک نے کہا کہ کراچی میں بھتہ خور مافیا کے سرگرم ہونے کی خبریں حقائق کے منافی ہیں ، کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے سخت ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور جس علاقے میں جرائم کی شرح بڑھے گی، وہاں کے متعلقہ ایس ایچ او اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، یہاں امن و امان کے مسائل ہیں لیکن حکومت اتنی کمزور نہیں کہ دہشت گرد کراچی کو یرغمال بناسکیں،

تاجروں کو بھتہ خوری اور پرچی مافیا سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی خصوصی پلان مرتب کیا گیا ہے امید ہے کہ رمضان المبارک میں شہر میں حکومتی اقدامات کے باعث حالات پرامن رہیں گے،کراچی میں قیام امن کے لیے وفاقی حکومت سندھ حکومت کی مدد کرے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ہے ،پیپلز پارٹی کسی پر کیچڑ نہیں اچھالتی، شریف برادران احتساب عدالتوں میں اپنے کیس کھلنے کی وجہ سے پریشان ہوگئے ہیں ۔ وہ ہم پر کرپشن کا الزام لگانے سے پہلے لیپ ٹاپ ، تندور اسکیم سمیت مختلف کرپشن کی اسکیموں کا حساب دیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔