دواکمپنیوں سے ایفیڈرین خرید کراسمگل کرنیوالاملزم گرفتار

قیصر شیرازی  ہفتہ 17 نومبر 2012
کوئٹہ سے پکڑاگیا،ملزم دیگرساتھیوںکی گرفتاری اور ایفی ڈرین برآمدکرانے پرتیار۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ سے پکڑاگیا،ملزم دیگرساتھیوںکی گرفتاری اور ایفی ڈرین برآمدکرانے پرتیار۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے ممنوعہ کیمیکل ایفی ڈرین کوٹا الاٹمنٹ و اسمگلنگ کیس میں ایک اور اہم ملزم عبدالخالق عرف دل آغا ولد عبدالرؤف کوکوئٹہ سے چھاپہ مارکرگرفتارکرلیا ہے۔

ملزم کو اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اسلم کی عدالت میں پیش کرکے3دن کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ۔ملزم نے ایفیڈرین کوئٹہ سے ایران اسمگل کرنے کا بھی اعتراف کرلیا ہے جبکہ اے این ایف نے ڈینس فارما سیوٹیکل کمپنی اسلام آباد کو الاٹ کی گئی2500کلو ایفیڈرین اور بارلیکس فارما سیوٹیکل کمپنی ملتان کو الاٹ کی جانے والی6500کلو ایفی ڈرین کی کچھ مقدار بھی ملزم سے برآمدکر لی ہے۔ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے مزید 5 ساتھی بھی کوئٹہ میں رہتے ہیں ان میںیوسف بڑوچ، محمد سلام اور خلیل احمد شامل ہیں۔

اسلام آباد سے جو بھی کمپنی ایفی ڈرین حاصل کرتی ہے وہ اس سے خریدلیتے ہیں اور ایران اسمگل کردیتے ہیں ۔عنصر فاروق چوہدری اور افتخار بابر نے جو ایفی ڈرین حاصل کی تھی وہ بھی ان کے ساتھیوںنے خریدی تھی۔ ملزم مذکورہ ایفی ڈرین برآمدکرانے اور دیگر ساتھیوںکو گرفتار کرانے کیلیے بھی تیار ہے،اسے تفتیشی آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر عابد ذوالفقار نے عدالت پیش کیا۔آئندہ چند روز میںکوئٹہ اورکراچی سے مزیدگرفتاریوںکا امکان ہے،ان گرفتاریوں کیلیے اے این ایف کراچی اورکوئٹہ کو بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔