مائیکروسافٹ صارفین کے لئے ونڈوز10 پرمفت منتقل ہونے کا سنہری موقع

مقررہ مدت کے بعد آفیشل ونڈوز 10 استعمال کرنے والے صارفین کو اس کی ادائیگی کرنا ہوگی، مائیکرو سافٹ


ویب ڈیسک May 06, 2016
مقررہ مدت کے بعد آفیشل ونڈوز 10 استعمال کرنے والے صارفین کو اس کی ادائیگی کرنا ہوگی، مائیکرو سافٹ۔ فوٹو:فائل

مائیکروسافٹ نے اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 10 کو ہر صارف تک پہنچانے کے لیے اس کی اپ گریڈ کو مفت فراہم کیا تھا یعنی ونڈوز سیون اور ایٹ استعمال کرنے والے باآسانی مفت ونڈوز ٹین پر اپ گریڈ ہو سکتے ہیں لیکن یہ مفت کے مزے اب ختم ہونے کو ہیں۔

آخرکارمائیکروسافٹ نے اپنے صارفین کے لئے بروقت منتقل ہونے کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا کہ مقررہ مدت کے بعد آفیشل ونڈوز 10 استعمال کرنے والے صارفین کو اس کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ مفت اپ گریڈ ہونے کی سہولت رواں سال 29 جولائی کو ختم ہو جائے گی اور اس کے بعد ونڈوز 10 ہوم ایڈیشن پر اپ گریڈ ہونے کے لیے اس کی قیمت جو کہ ایک 119 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے ادا کرنا ہوگی۔ اگرآپ اس کا پروفیشنل ورژن استعمال کرنا چاہیں گے تو اس کی قیمت 199 ڈالر ہوگی۔

مائیکروسافٹ کے مطابق اس وقت تک دنیا بھر میں تین سو ملین کمپیوٹرز ونڈوز ٹین استعمال کررہے ہیں لیکن تاحال صارفین کی ایک بڑی تعداد مائیکروسافٹ کے پرانے یا دیگر آپریٹنگ سسٹمز استعمال کر رہی ہے۔ اگر آپ ونڈوز ٹین پر مفت منتقل ہونا چاہتے ہیں تو آپ کے لیے یہ آخری ڈھائی مہینے باقی ہیں۔ اس حتمی تاریخ سے پہلے اپ گریڈ ہو جانے والوں کو اگلے سال تک مائیکروسافٹ ٹین کی اپ ڈیٹس بھی مفت ملیں گی جس میں اس کی ایک بہت بڑی اپ ڈیٹ شامل ہے جو ونڈوز ٹین میں اسٹارٹ مینو سمیت کئی بڑی تبدیلیاں لانے والی ہے۔

مقبول خبریں