پاناما لیکس پر نوازشریف بھاگنے کے بجائے پارلیمنٹ میں آکر وضاحت دیں خورشید شاہ

وزیراعظم عجلت میں فیصلہ نہ کریں کیونکہ حکومت طاقت کے بل بوتے پر کسی کو ڈرا نہیں سکتی، اپوایشن لیڈر


ویب ڈیسک May 07, 2016
وزیراعظم عجلت میں فیصلہ نہ کریں کیونکہ حکومت طاقت کے بل بوتے پر کسی کو ڈرا نہیں سکتی، اپوایشن لیڈر، فوٹو؛ فائل

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کاکہنا ہے کہ میں نے اپنے دوست کو پہلے بھی مشورہ دیا تھا اور انہوں نے میرے مشورہ کو مانا بھی تھا لہذا وزیراعظم نواز شریف میرا مشورہ مانیں اور پارلیمنٹ میں آکر اپنے اثاثوں کی تفصیلات پر وضاحت پیش کریں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''جی فارغریدہ'' میزبان غریدہ فاروقی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپوزیشن کے مطالبات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو پھر انہیں مقابلے کے لیے کوئی نہیں روک سکتا اور نہ ہی کوئی کسی کے آگے بندھ باندھ سکتا یہ ان کی مرضی ہے کیونکہ ان کے پاس حکومت ہے ، طاقت ہے اور قوت ہے جب کہ اپوزیشن کے پاس صرف ایک آواز ہے جو میڈیا اور پارلیمنٹ کے ذریعے عوام تک ہم پہنچا سکتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ میاں صاحب کو پہلے بھی مشورہ دیئے ہیں اور انہوں نے میرے مشورہ کو مانا ہے لہٰذا اب آٹھویں مرتبہ مشورہ دیتا ہوں کہ وزیراعظم پارلیمنٹ میں آئیں اور اپنے اثاثوں کی تفصیلات پر وضاحت پیش کریں کیونکہ بھاگنے سے بات نہیں بنے گی، اس طرح سیاست دان بدنام ہوں گے اور ان پر چوری کا الزام لگے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے بل بوتے پر کچھ نہیں ہوتا صرف دشمن فائدہ اٹھاتا ہے، ہمیں چاہیے کہ ہماری اندرونی سیاست کی جنگ کا فائدہ دشمن نہ اٹھائے کیونکہ میاں صاحب نے خود کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بھی اس ملک میں رکاوٹیں ڈالی ہیں اور میاں صاحب کی کیبنٹ میں کچھ لوگ بیٹھیں ہیں جو محسود کی وفات پر آنسو بہارہے تھے اور اسے شہید کہہ رہے تھے۔

خورشید شاہ نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے اور ہمارے ٹی او آرز میں ایک یہ بھی ہے اس کی قانون سازی ہو لیکن اگر حکومت نہیں مانتی تو نہ مانے ہم بندوق لے کرلڑائی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کو بتانا چاہتا ہوں کہ ایک وقت تھا جب آپ بہت کمزور تھے اور پرویز مشرف طاقتور تھے لیکن وقت اور حالات نے مشرف کو اتنا مجبور کیا کہ وہ حکومت سے مدد مانگ کر ملک سے باہر گئے اس لیے اپنے دوست نوازشریف کو مشور دوں گا کہ آپ کی کرسی اتنی مضبوط نہیں کہ جس کے بھروسہ اور بل بوتے پر آپ اتنی طاقت دکھائیں اور کہیں کہ ہم اپوزیشن کا مقابلہ کریں گے لہٰذا وزیراعظم عجلت میں فیصلہ نہ کریں کیونکہ حکومت طاقت کے بل بوتے پر کسی کو ڈرا نہیں سکتی۔

 

مقبول خبریں