یوسف رضا گیلانی سے استعفے کا مطالبہ کرنے والے نوازشریف اب خود استعفیٰ دیں راجا پرویزاشرف

جمہوریت کے دشمن کوجعلی میڈیکل کی بنیاد پرباہرجانے دیا گیا، راجہ پرویزاشرف

وزیراعظم سے استعفا مانگنے پر پیپلزپارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، راجہ پرویز اشرف:فوٹو:فائل

سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ جب یوسف رضا گیلانی پر الزامات لگے تو نوازشریف نے ان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا لہذا انہیں چاہیے کہ اب خود اپنے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے استعفیٰ دیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معلوم نہیں حکومت ای سی ایل میں نام ڈال کر کیا پیغام دینا چاہتی ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ سیاسی لوگوں کو نت نئے ہتھکنڈوں سے پریشان کیاجارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے دشمن کو جعلی میڈیکل کی بنیاد پر باہر جانے دیا گیا۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پرالزامات لگے تو نواز شریف کہتے تھے تحقیقات تک وہ مستعفی ہو جائیںٕ لہذا آج نواز شریف کو اپنے مشوروں پرخود بھی عمل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں وزیراعظم سے مستعفی ہونے کے معاملے پر متفق ہیں اور پیپلزپارٹی میں بھی اس حوالے سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔


واضح رہے کہ حکومت نے راجا پرویزاشرف اوریوسف رضا گیلانی کے نام ای سی ایل میں ڈال رکھے ہیں، یوسف رضاگیلانی پر ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں مقدمہ چل رہا ہے جب کہ نیب نے رینٹل پاور کیس میں راجا پرویز اشرف کے خلاف ریفرنس دائر کررکھا ہے۔

 

Load Next Story