قیمتی معدنیات اور وٹامن سے مالامال پھل ’’پپیتا‘‘

اوسطاً درختوں کی عمر 20 سال جبکہ اونچائی 16 سے 33 فٹ ہوتی ہے۔


May 14, 2016
اوسطاً درختوں کی عمر 20 سال جبکہ اونچائی 16 سے 33 فٹ ہوتی ہے۔:فوٹو : فائل

اطالوی مہم جو،کرسٹوفر کولمبس نے پپیتے کو ''فرشتوں کا پھل''کہا تھا۔یہ پھل قیمتی معدنیات اور وٹامن سے مالامال ہے۔پپیتے کی بنیادی طور دو نسلیں ہیں جن میں سے ایک میکسیکو سے چلی تو دوسری کا آغاز ہوائی جزیروں سے ہوا۔ یہ جزیرے امریکاکی ملکیت اور وہاں سے تقریباً 3000 میل کی دوری پر سمندر (بحرالکاہل) میں واقع ہیں۔

ہوائی جزیروں سے تعلق رکھنے والے پپیتے کا وزن ایک پونڈ جبکہ میکسیکو کے پپیتے کا 10 پونڈ (9 کلو گرام) تک پہنچتا ہے۔ان کی چھال کا رنگ ہرا، نارنگی نمایا ہلکا سرخ ہوتا ہے ۔گودا لال یا پیلا ہوتا ہے۔ گھر میں پپیتے کا درخت اگانا بہت آسان ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ بازار سے ایک پکا ہوا پھل لاکر کھالیں۔اس کے بعد بیج (جو کالی مرچوں کی طرح ہوتے ہیں) کو بڑی تعداد میں صحن کے ایک کونے یا کسی بڑے گملے میں دبادیں۔گملے کو پانی دیتے رہیے تاکہ مٹی خشک نہ ہو۔ دو سے تین ہفتے بعد اس سے کئی ننھے منے پودے اگنا شروع ہوجائیں گے۔ انہیں پنیری کی طرح استعمال کرکے اپنے باغ یا صحن میں مناسب جگہ بودیں۔

ان میں نر اور مادہ ،دونوں قسم کے پودے ہوتے ہیں۔ اور وہ بھی کہ جن میں ایک ہی پودے میں نر اور مادہ خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ مادہ درختوں کیواسطے ایک ہی نر درخت کافی رہتا ہے۔ تیسری قسم کے درختوں کو نر یا مادہ درخت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ نر اور مادہ پودوں کی پہچان یہ ہے کہ مادہ درخت کے پھول سفید یا زرد ہوتے ہیں اور ان کی تہہ میں بیضہ دانی صاف دیکھی جاسکتی ہے۔ اس کے برعکس نر درخت کے پھول لمبے گھنٹی یا بگل نما ہوتے ہیں۔

درختوں کو ایک قطار میں ایک دوسرے سے 10 فٹ کے فاصلے پر اگائیں۔ یہ درخت بہت جلد پروان چڑھ کر ایک سال میں پھل دینے لگتے ہیں جو خربوزے کی طرح ہوتا ہے۔ اوسطاً درختوں کی عمر 20 سال جبکہ اونچائی 16 سے 33 فٹ ہوتی ہے۔ یہ درخت آم کے آم اور گٹھلیوں کے دام کے مصداق بہت ہی مفید ہے۔ یہ زیادہ جگہ نہیں گھیرتے اور چھوٹی سی جگہ پر بھی انہیں اگایا جاسکتا ہے۔ یہ چھتریوں کی طرح اوپر بلند ہوکر پھیلتے ہیں۔ ڈینگی بخار میں پپیتے کی افادیت کے پیش نظر ہر شخص کو چاہیے کہ اپنے اور اپنے عزیزوں کی خاطر اسے گھر میں لازماً اگائے۔

مقبول خبریں