شورکے بجائے آپ کی پسندیدہ خوشبو سے جگانے والا الارم کلاک تیار

ویب ڈیسک  اتوار 13 اگست 2017
اس کلاک کے لیے 7 مختلف خوشبوؤں کے کیپسول موجود ہیں جس میں آپ اپنی پسند کی خوشبو ڈلواسکتے ہیں۔

فوٹو سینسرویک

اس کلاک کے لیے 7 مختلف خوشبوؤں کے کیپسول موجود ہیں جس میں آپ اپنی پسند کی خوشبو ڈلواسکتے ہیں۔ فوٹو سینسرویک

پیرس: فرانسیسی کمپنی ایسا منفرد کلاک تیار کیا ہے جو اپنے شور سے جگانے کی بجائے آپ کی پسندیدہ دلکش خوشبو سے جگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

صبح وقت پر جاگنے کے لیے سب الارم کا استعمال کرتے ہیں، الارم کی تیز آواز جب سماعتوں سے ٹکراتی ہے تو آنکھ کھل جاتی ہے۔ ویسے آپ نے دیکھا ہو گا کہ کبھی کبھی اپنی پسندیدہ چیز کی خوشبو آنے سے بھی انسان کی آنکھ کھل جاتی ہے مثلاً صبح صبح چائے یا کافی کی مہک سانسوں سے ٹکرائے تو انسان اُٹھنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔

اسی خیال کو استعمال کرتے ہوئے فرانسیسی کمپنی ’’سینسر ویک‘‘ نے ایک جدید الارم کلاک ایجاد کیا ہے جو روایتی الارم کی طرح شور نہیں مچاتا بلکہ آپ کی پسندیدہ خوشبو کو کمرے میں پھیلا دیتا ہے۔ اس منفرد کلاک میں جاگنے کا وقت مقرر کر دیں تو یہ صبح بالکل درست وقت پر اپنی تیز خوشبو کمرے میں پھیلا دیتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ کلاک 2 منٹ کے اندر اندر آپ کی نیند کو بھگا دے گا۔

اس کلاک کے لیے 7 مختلف خوشبوؤں کے کیپسول موجود ہیں، اس کے علاوہ کلاک خریدتے وقت اپنی پسند کی خوشبو بھی شامل کروائی جا سکتی ہے۔ ایک کیپسول آپ کو خوشبو کے ذریعے 30 مرتبہ جگا سکتا ہے۔ اس علاوہ کلاک میں موسیقی کا بندوبست بھی موجود ہے تاکہ اگر 3 منٹ تک آپ خوشبو کے ذریعے نہ جاگ پائیں تو یہ دھیمی دھیمی موسیقی کے ذریعے وقت پر جاگنے کا احساس دلاتا رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔