دہشت گردی کا خدشہ چوری و چھینی گئی گاڑیاں برآمد کی جائیں، آئی جی سندھ

اسٹاف رپورٹر  منگل 20 نومبر 2012
آئی جی سندھ فیاض لغاری نے کہا کہ غیر معیاری اور ان رجسٹرڈ، اے ایف آر نمبر پلیٹس لگا کر چلنے والی مختلف گاڑیوں کے خلاف غیر جانبدارانہ کارروائی کو یقینی بنائے گی۔ فوٹو: ایکسپریس

آئی جی سندھ فیاض لغاری نے کہا کہ غیر معیاری اور ان رجسٹرڈ، اے ایف آر نمبر پلیٹس لگا کر چلنے والی مختلف گاڑیوں کے خلاف غیر جانبدارانہ کارروائی کو یقینی بنائے گی۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری نے پولیس کو ہدایات جاری کی کہ امن وامان کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر چھینی وچوری کی گئی تمام گاڑیوں اور بالخصوص موٹر سائیکلوں کی برآمدگی اور ملوث ملزمان وگروہوں کی بیخ کنی کیلیے انتہائی ٹھوس اور مربوط لائحہ عمل کے تحت تمام تر اقدامات کو موثر بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پولیس آفس سے جاری اعلامیے میں آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری نے ایڈ یشنل آئی جی کراچی کو ہدایات جاری کیں کہ چھینی اور چوری کی گئی تمام گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی فہرستوں کے مطابق متعلقہ تھانوں کی حدود کے ساتھ شہر بھر میں ریکی اور انٹیلی جینس شیئرنگ کی بدولت تھانہ پولیس اور اینٹی کار لفٹنگ سیل کے ذریعے نا صرف برآمدگی بلکہ ملوث گروہوں کے خلاف سخت ایکشن کے بھی عملی اقدامات کیے جائیں،تمام مجالس، جلوسوں، امام بارگاہوں اور مساجد کے انٹری پوائنٹس پر کڑی نگرانی جبکہ اطراف میں اسنیپ چیکنگ کے لیے اے سی ایل سی کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو تھانہ جات سے رابطوں میں رہتے ہوئے چھینی وچوری کی گئی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی برآمدگی کے ساتھ غیر معیاری اور ان رجسٹرڈ، اے ایف آر نمبر پلیٹس لگا کر چلنے والی مختلف گاڑیوں کے خلاف غیر جانبدارانہ کارروائی کو یقینی بنائے گی۔

تمام تھانہ جات چھینی گئی وچوری ہونے والی تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رپورٹ موصول ہوتے ہی مرکزی کنٹرول روم پر نہ صرف نوٹ کرائیں گے بلکہ باقاعدہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر ایسی گاڑیوں کی فوری برآمدگی اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلیے ہر ممکن اقدامات بھی کریں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔