سرینا ولیمز کی نگاہیں اسٹیفی کے ریکارڈ پر مرکوز

سرینا ولیمز اوپن ایرا میں اسٹیفی گراف کے 22 گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے کیلیے پرعزم ہیں


Sports Desk May 22, 2016
دفاعی چیمپئن کا سفر سلواکین پلیئر میگڈیلینا ریبریکووا کیخلاف میچ سے شروع ہوگا،مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووک اولین ٹرافی کیلیے 12ویں بار شریک۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے رولینڈ گیروس پر ہورہا ہے، مینز سنگلز میں سوئٹزرلینڈ کے اسٹینسلس واورنیکا جب کہ ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمزاعزازکا دفاع کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق سیزن کا دوسرا گرینڈ سلم فرنچ اوپن اتوار سے شروع ہورہا ہے، ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز اوپن ایرا میں اسٹیفی گراف کے 22 گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے کیلیے پرعزم ہیں،امریکی اسٹار گذشتہ برس یوایس اوپن کے سیمی فائنل میں ہمت ہارگئی تھیں جبکہ رواں برس آسٹریلین اوپن کے فائنل میں انھیں حیران کن طور پر کیربر نے مات دے دی تھی۔

سرینا کے 21 گرینڈ سلم میں اب تک 3 فرنچ اوپن ٹرافیاں شامل ہیں جس میں انھوں نے پہلی ٹرافی 2002 میں جیتی تھی جبکہ اس کے طویل وقفے کے بعد پھر انھوں نے 2013 اور 2015 میں یہاں چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا، دفاعی چیمپئن اپنے سفر کی شروعات سلواکین پلیئر میگڈیلینا ریبریکووا کیخلاف میچ سے کریں گی، عالمی درجہ بندی میں 76ویں نمبر پرفائز ریبریکووا سلو کورٹ کی نسبت تیز کورٹس پر کامیاب رہی ہیں، انھوں نے کیریئر کے چاروں ٹائٹلز بھی اسی طرز کے کورٹس پر جیتے ہیں، جس میں 2009 کی برمنگھم گراس کورٹ کی ٹرافی بھی شامل ہے، وہ فرنچ اوپن میں کبھی بھی دوسرے راؤنڈ سے آگے نہیں پہنچ پائی ہیں۔

سیکنڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کا پہلا مقابلہ بوجانا جوانوسکی سے ہوگا، اس سے قبل اولین باہمی مقابلے میں اگنیسکا نے فتح سمیٹی ہے، جوانوسکی انجری مسائل کے سبب رواں فروری سے سائیڈ لائن تھیں، انھوں نے گذشتہ برس نومبر میں کارلسباڈ میں کامیابی حاصل کی تھی، وہ 2013 میں پیرس ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھیں، تھرڈ سیڈ اینجلیک کیربر کو کیکی بارٹینز کی صورت ابتدائی آزمائش کا سامنا رہے گا، آسٹریلین اوپن چیمپئن میں مقابل آنے والی ڈچ پلیئر نے گذشتہ دن نیورمبرگ ویمنز ٹینس کی ٹرافی اپنے نام کی ہے، وہ رواں برس رباط ویمنز ٹینس کے سیمی فائنلز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی تھیں۔

اس کے علاوہ انھوں نے فرانس کیخلاف فیڈریشن کپ میں اپنی ٹیم کیلیے دونوں سنگلز بھی جیتے تھے، تاہم ان کا ملک یہ ٹائی ہارگیا تھا، وہ یہاں 2014 میں پری کوارٹر فائنل تک پہنچ پائی تھیں، انھوں نے مارچ میں انڈین ویلز میں کیربر کو ٹھکانے لگارکھا ہے، 4 سیڈ گاربین مگروزا سلواکین حریف اینا کیرولیناشیملڈووا کیخلاف میدان سنبھالیں گی۔دوسری جانب سربیا کے نووک جوکووک 12ویں مرتبہ فرنچ اوپن کا حصہ بننے جارہے ہیں لیکن وہ ابھی تک یہاں فاتح نہیں بن پائے، گذشتہ برس واورنیکا نے انھیں ٹرافی سے محروم کردیا تھا، اس حوالے سے سابق امریکی پلیئر پیٹ سمپراس کا منفی ریکارڈ جوکووک کے تعاقب میں ہے، جو یہاں 13 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کی کوشش میں ناکام رہے، سوئیڈن کے اسٹیفن ایڈنبرگ بھی 13 کاوشوں میں نامراد رہے، جوکووک کے کوچ اور سابق جرمن اسٹار بورس بیکرکی 9 کوششیں بھی بے سود رہی ہیں۔

جوکووک کی پہلی آزمائش چائنیز تائپے کے لو ین ہوشن کیخلاف ہوگی، 32 سالہ لو ہوشن عالمی درجہ بندی میں100ویں نمبر پر ہیں، یہ رواں سیزن میں ان کا پہلا مین ٹور ایونٹ ہے، وہ اس سے قبل دومرتبہ فرنچ اوپن کے دوسرے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں، گرینڈ سلم میں ان کی بہترین پرفارمنس 2010 کے ومبلڈن میں کوارٹر فائنل تک رسائی تھی، جہاں پر ان کا سفر جوکووک کے ہاتھوں ہی تمام ہوگیا تھا، سیکنڈ سیڈ برطانوی اسٹار اینڈی مرے کا ابتدائی مقابلہ جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک سے ہوگا، مرے کو حریف پر 6-2 کی سبقت حاصل ہے، 37 سالہ اسٹیپنک ایونٹ میں شریک عمررسیدہ پلیئر بھی ہیں، وہ کوالیفائنگ مرحلے سے ہوکر مین راؤنڈ تک پہنچے ہیں۔

ماضی میں ڈیوس کپ اور گرینڈ سلم ڈبل چیمپئن اسٹیپنک نے کیریئر میں بلند ترین آٹھویں پوزیشن تک رسائی پائی ہے، وہ 10 برس قبل ومبلڈن کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں بھی کامیاب رہے ، تاہم انجری مسائل نے انھیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا تھا، تھرڈ سیڈ اور دفاعی چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا کا پہلا مقابلہ جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول سے ہوگا، باہمی مقابلہ میں واورنیکا کو ان پر 4-0 کی سبقت حاصل ہے، روسول نے 2012 کے ومبلڈن میں رافیل نڈال کو ٹھکانے لگاکر شہرت سمیٹی تھی، وہ تین بار رولینڈ گیروس ایونٹ کے تیسرے مرحلے تک پہنچ پائے ہیں،4 سیڈ رافیل نڈال کا پہلا ٹاکرا آسٹریلیا کے سام گروتھ سے طے ہے، یہ ان کا پہلا باہمی مقابلہ ہوگا، عالمی درجہ بندی میں 95نمبرپر فائز گروتھ اس سے قبل 2015 میں بھی فرنچ اوپن میں شریک ہوئے اور انھیں پہلے راؤنڈ میں پبلو چیواس نے ہرادیا تھا، ان کی گرینڈسلم میں بہترین پرفارمنس گذشتہ برس آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن میں تیسرے مرحلے میں رسائی تھی۔

مقبول خبریں