زیریں سندھ، رمضان میں بھی طویل لوڈ شیڈنگ جاری

ایکسپریس اردو  اتوار 22 جولائی 2012
 ٹنڈو جام میں دن بھر بجلی غائب رہی، روزہ داروں کو مشکلات، شہریوں کی احتجاج کی دھمکی (فوٹو فائل)

ٹنڈو جام میں دن بھر بجلی غائب رہی، روزہ داروں کو مشکلات، شہریوں کی احتجاج کی دھمکی (فوٹو فائل)

ٹنڈو جام / میر پور / ٹھورو: زیریں سندھ کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک میں بھی طویل دورانیے کی علانیہ غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث روزہ داروں شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق پہلے روزے کو بھی ٹنڈوجام کے مختلف علاقوں میں دن بھر بجلی غائب رہی، شہری حلقوں نے لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کی دھمکی دے دی ہے،

شہریوں اور تاجربرادری کا کہنا ہے کہ حیسکو نے ٹنڈو جام میں حکومتی دعوئوں کی دھجیاں اڑا دی ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے بجائے لوڈشیڈنگ بڑھا دی گئی ہے،غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث ٹنڈو جام شہر میں کاروبار زندگی شدید متاثر رہا جبکہ دن بھر حیسکو آفس کے ٹیلی فون حسب معمول مصروف کردیے گئے جس کے باعث شہریوں کو بجلی نہ ہونے کی شکایت درج کرانے میں شدید دشواری کا سامنا رہا، شہریوں نے حیسکو چیف سے اس صورتحال پر فوری توجہ کا مطالبہ کیا ہے۔

میرپور بٹھورو سے نامہ نگار کے مطابق رمضان کے بابرکت ماہ میں بھی تعلقہ بٹھورو میں علانیہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ8 سے 10 گھنٹے بجلی بند رہی جس سے روزے داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، واپڈااہلکاروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کوئی بھی دفتر میں موجود نہ تھا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔