آرمی ٹرینرزنے کرکٹرز کو پہلوانی کسرت بھی کرا دی

رسی سے شہتیر کھنچوائے،ویٹ لفٹنگ،ڈمبل ٹریننگ،بیلون پش اپ کے بعد جم میں ورزش


Sports Reporter May 26, 2016
بیڈ منٹن کھیلنے کا موقع بھی ملا،کاکول میں پلیئرز نے پیرا گلائیڈنگ کا مظاہرہ بھی دیکھا ۔ فوٹو : پی سی بی

WASHINGTON: آرمی ٹرینرزنے فٹنس کیمپ میں شریک کرکٹرز کو پہلوانی کسرت بھی کرا دی، رسی سے شہتیر کھنچوا کر ہمت آزمائی گئی، ویٹ لفٹنگ، ڈمبل ٹریننگ، بیلون پش اپ کے بعد جم میں بھی ورزش کرائی گئی،بیڈمنٹن کھیلنے کا موقع بھی ملا،پلیئر نے پیرا گلائیڈنگ کا مظاہرہ دیکھا۔

تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ اختتامی مراحل میں داخل ہو گیا، شرکاکے حوصلے آزمانے کے سلسلے میں بھی تیزی آگئی ہے،گذشتہ روز پلیئرز کو بھاری مشقت کرنا پڑی، آرمی ٹرینرز نے ایک شہتیر کو دونوں طرف سے رسی کے ساتھ باندھ کر کھینچتے ہوئے فاصلہ طے کرنے کی مشق کرائی، مختلف زاویوں سے ویٹ لفٹنگ کراتے ہوئے زور بازو کی آزمائش ہوئی، ڈمبل کے ساتھ ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری رہا، رننگ کے بعد بیلون پش اپ کی محنت میں بھی کھلاڑیوں نے خوب پسینہ بہایا، ان میں سے چند توازن حاصل کرنے میں دشواری کے بعد عادی ہوگئے۔

پی ٹی ڈرلز کا ایک سیشن کرنے کے بعد ایک ہال میں موجود ریسلنگ میٹ پر مختلف ورزشوں سے جسمانی لچک میں اضافے کیلیے کام کیا گیا، آرمی کے چاق و چوبند نوجوانوں نے پیرا گلائیڈنگ کا خوبصورت مظاہرہ کیا، وہ پہاڑ کی بلندی سے جمپ لگاکر فضا میں پرواز کرتے ہوئے میدان میں اترے تو ایک جانب شامیانے میں موجود کرکٹرز اور میزبان اسٹاف نے انھیں دل کھول کر داد دی، بعد ازاں کھلاڑیوں اور انسٹرکٹرز نے گپ شپ میں کچھ وقت گزارا اور گروپ فوٹو بنوائے، شام کو کرکٹرز نے بیڈ منٹن کورٹ کا رخ کرتے ہوئے مختلف جوڑیاں بناکر میچز کھیلے۔

مقبول خبریں