حکومت ٹیکسٹائل سیکٹرکوبجلی گیس فراہم کرے،یاسرسخی

ایکسپریس اردو  اتوار 22 جولائی 2012
 سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے سازگار پالیسیاں تیارکی جائیں،صدراسلام آباد چیمبر۔ فائل فوتو

سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے سازگار پالیسیاں تیارکی جائیں،صدراسلام آباد چیمبر۔ فائل فوتو

اسلام آباد:  ٹیکسٹائل انڈسٹری کی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دے کر ملک کو معاشی بحران سے نکالاجا سکتا ہے۔ یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر یاسر سخی بٹ نے کہی۔

انھوں نے حکومت پر زور دیاکہ وہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلیے بجلی اور گیس کی مسلسل سپلائی کو یقینی بنائے، مالی سال 2012کا 26 ارب ڈالر کا برآمدی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا اور بمشکل برآمدات 23.64 ارب ڈالر تک پہنچ سکیں، پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر کو بیرونی دنیا میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ خطے کے دوسرے ممالک اپنے اپنے ٹیکسٹائل سیکٹر کو مختلف سہولتیں اور مراعات دے رہے ہیں

جس کی وجہ سے ان ممالک میں پیداواری لاگت بہت کم ہے اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی قیمتیں بھی بہت مناسب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، سود اور افراط زر میں اضافے کی وجہ سے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتے ہیں

اس لیے حکومت کو ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے ٹھوس اور سازگار پالسیاں اپناتے ہوئے بجلی اور گیس کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جائے جس سے زیادہ زرمبادلہ ملے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔