نظام کو چھیڑا گیا تو پھر وفاق باقی نہیں رہے گا چیئرمین سینیٹ

بطور قوم ہماری نفسیات بن چکی ہے کہ ہم سانحے کے بعد پچھتاتے ہیں، سینیٹر رضا ربانی


ویب ڈیسک May 31, 2016
ہمارے نظام میں بدعنوانی، نااہلی اور بد انتظامی ہے، چئیرمین سینیٹ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: چئیرمین سینیٹ رضاربانی کا کہنا ہے کہ ملک میں موجود ایک خاص ذہنیت نے صوبوں کو دی گئی خودمختاری کو قبول نہیں کیا اور اگر اب نظام کو چھیڑا گیا تو پھر وفاق باقی نہیں رہے گا۔

اسلام آباد میں نجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام تقریب میں خطاب کے دوران چیئرمین سینٹ نےکہا کہ ہمارے نظام میں بدعنوانی، نااہلی اور بد انتظامی ہے ۔ بطور قوم ہماری نفسیات بن چکی ہے کہ ہم سانحے کے بعد پچھتاتے ہیں، مسائل کا حل تلاش کیے بغیر دوسروں پر الزام لگاتے ہیں، ہماری یہ نفسیات پاکستان کی ریاست نے بنائی ہے کیونکہ ریاست چاہتی ہے کہ ہم ان گورکھ دھندوں میں پھنسے رہیں اوراشرافیہ اپنی من مانیاں کرتی رہے۔ اب اگر نظام کو چھیڑا گیا تو پھر وفاق نہیں رہے گا۔

سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ وفاق نے 62 سال تک صوبوں کے اختیارات غصب کئے رکھے، ماضی میں صحت کا شعبہ وفاق کے ماتحت تھا تو بنیادی صحت مراکز میں ڈاکٹر اور طبی عملہ بھی نہیں ہوتا تھا، 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے ہم نے صوبوں کو خودمختاری دی لیکن اسے ایک خاص ذہنیت نے قبول نہیں کیا، آٹھویں این ایف سی ایوارڈ کیلئے ایک صوبے نے اپنا رکن نامزد کرنے میں ایک سال لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو اپنا تاریخٰ کردار ادا کرنا ہوگا، طلبا اور اساتذہ نے سوال کرنے کی ریت کو نہ اپنایا تو شائد ریاست اور وفاق مستقبل میں موجودہ شکل میں نہ رہے۔

 

مقبول خبریں