چین میں بچے کی معمولی غلطی سے 15 لاکھ روپے کا لیگو ٹوٹ کر تہس نہس ہوگیا

ویب ڈیسک  جمعرات 2 جون 2016
نمائش سے ایک روز قبل بچے نے لومڑی کے ساتھ تصویر بنوانی چاہی تو اس کا ہاتھ لگنے سے مجسمہ ٹوٹ گیا۔

نمائش سے ایک روز قبل بچے نے لومڑی کے ساتھ تصویر بنوانی چاہی تو اس کا ہاتھ لگنے سے مجسمہ ٹوٹ گیا۔

بیجنگ: چین میں ہونے والی نمائش سے قبل ہی 3 روز کی محنت سے تیار کردہ 15 لاکھ روپے کا لیگو فن پارہ ایک نوعمر لڑکے کی معمولی غلطی سے ٹوٹ تہس نہس ہوگیا۔

چینی شہر ننگبو میں ہونے والی الیکٹرانک نمائش میں فن کار نے زوٹوپیا اینی میٹڈ فلم کا ایک کردار 15 ہزار ڈالر کے لیگو ٹکڑوں سے تیار کیا تھا۔ یہ مجسمہ ڈزنی کی اینی میٹڈ فلم زوٹوپیا کی مشہور لومڑی نک وائلڈ کا تھا جسے حفاظتی حصار کے اندر رکھا گیا تھا۔ اسے بنانے کے لیے فنکار نے 3 دن اور 3 رات لگاتار کام کیا تھا اورلیگو کے ہزاروں ٹکڑوں کو بڑی مہارت سے جوڑکر اسے کردار کی شکل دی گئی تھی۔

نمائش کےافتتاح سے ایک گھنٹے قبل ایک نوعمر لڑکا حصار عبور کرکے اس مجسمے کے پاس پہنچا اور سیکیورٹی کے لیے تنی ہوئی رسیوں کے اندر جاکر اس کےساتھ تصویر کھنچوانے لگا۔ اچانک اس کا ہاتھ مجسمے کو لگا اور وہ سیکنڈوں میں بکھر کر زمین پر پلاسٹک کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔

لڑکے کے والدین نے نمائش کی انتظامیہ کو اس نقصان کی رقم کی پیشکش کی لیکن درمیان میں آکر فنکار نے اسے حادثہ قرار دے کر بچے کو معاف کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔