ایکسپریس کے زیراہتمام آج سے ہیوسٹن میں پراپرٹی شولگے گا

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 2 جون 2016
پاکستانی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں،ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری بڑھے گی فوٹو : فائل

پاکستانی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں،ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری بڑھے گی فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام امریکی شہر ہیوسٹن میں آج پہلی مرتبہ انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو میں پاکستان پراپرٹی شو لگے گا جس میں ملک بھر سے ریئل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ متعدد پاکستانی کمپنیاں اسٹال لگائیں گی۔

یہ انٹرنیشنل پراپرٹی شو 6 جون تک جاری رہے گا۔واضح رہے کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے اس سے قبل گزشتہ ماہ دبئی میں منعقدہ انٹرنیشنل پراپرٹی شو میں کامیابی کے ساتھ پاکستانی پویلین سجایا تھا ۔ایکسپریس میڈیا گروپ ہیوسٹن کے بعد اگست میں امریکی شہر ڈلاس میں بھی پراپرٹی شو میں حصہ لے گا۔ہیوسٹن شو میں پاکستان بھر سے ریئل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ بڑے ادارے اورکمپنیاں اپنے اسٹال لگائیں گی۔ان پراپرٹی کمپنیوں سے وابستہ افراد نے ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے دبئی کے بعد امریکا میں پاکستان پراپرٹی شوکے انعقادکو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔پاکستان میں مجموعی طور پر 30 سے40 لاکھ مکانات کی کمی کا سامنا ہے ۔

اس پراپرٹی شو سے پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔اس ایکسپوکے ذریعے نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانی بلکہ بڑی تعداد میں غیر ملکیوں کو بھی پاکستان میں اس شعبے میں سرمایہ کاری کیلیے بہترین موقع ملے گا۔جب بیرون ملک سے اس شعبے میں سرمایہ کاری ہوگی تو پاکستان میں یہ شعبہ مزید ترقی کرے گا اور پاکستان خوشحالی کی جانب بڑھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کو امریکا کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی اس قسم کی نمائشوں میں حصہ لینا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔