ویسٹ انڈین ٹیم پاکستانی پہنچ سے دورنکلنے کی خواہاں

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 2 جون 2016
نویں پوزیشن پر موجود گرین شرٹس سے فاصلہ چار پوائنٹس تک بڑھنے کا سنہری موقع فوٹو : اے ایف پی

نویں پوزیشن پر موجود گرین شرٹس سے فاصلہ چار پوائنٹس تک بڑھنے کا سنہری موقع فوٹو : اے ایف پی

دبئی:  ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈین ٹیم پاکستانی پہنچ سے دور نکلنے کی خواہاں ہے، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے ٹرائنگولر سیریز میں پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش ہوگی،تمام 7 میچز جیت لیے تو آٹھویں سے پانچویںنمبر پرپہنچنے کا اعزاز ملے گا، دونوں ٹیموں سے ایک ایک میچ بھی جیتا تو نویں پوزیشن پر موجود گرین شرٹس سے فاصلہ چار پوائنٹس تک بڑھ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں ٹرائنگولر سیریز کا آغاز جمعے سے ہورہا ہے، 26 جون تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ٹرپل لیگ فارمیٹ کے تحت10 میچز کھیلے جائیں گے، اس وقت کیریبیئن ٹیم رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود تاہم اسے نویں پوزیشن پر موجود پاکستان پر صرف ایک پوائنٹ کی سبقت حاصل ہے جسے بہتر بنانے کی کوشش ہوگی، آسٹریلیا سے وہ 36 اور جنوبی افریقہ سے24 پوائنٹس پیچھے ہے۔ اس لیے اگر ان ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل ہو تو ٹیم کو زیادہ قیمتی پوائنٹس حاصل ہوںگے۔ اگر کینگروز پوری سیریز میں ناقابل شکست رہے تو پانچ پوائنٹس کے اضافے سے129پر پہنچ جائیں گے، اسی طرح جنوبی افریقہ کو سیریز میں کلین سوئپ پر ملنے والے 6 پوائنٹس مجموعے کو 118 کردیں گے۔

البتہ اگر ویسٹ انڈین سائیڈ سیریز میں فائنل سمیت تمام ساتوں میچ جیتے تو پھر ایک ساتھ 18 پوائنٹس کے اضافے سے اس کے 88 سے106 پوائنٹس ہوجائیں گے، یوں وہ رینکنگ میں بھی پانچویں نمبر پر پہنچ جائے گی۔ اگر کیریبیئن ٹیم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے پوری سیریز میں صرف ایک ایک میچ بھی جیتے تب بھی پاکستان سے فاصلہ 4 پوائنٹس تک بڑھا لے گی۔

ادھرچوتھے نمبر پر موجود بھارت اگر زمبابوے میں تمام تینوں ون ڈے میچز جیت لے تواسے صرف ایک پوائنٹ ملے گا، سیریز میں 2-1 کی فتح سے ایک پوائنٹ گنوانا پڑے گا۔ پانچویں پوزیشن پر موجودسری لنکا نے آئرلینڈ سے دونوں میچ جیتے تو ایک پوائنٹ ملے گا، ایک میچ ہارا تو ایک پوائنٹ گنوانا پڑے گا۔ ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی موجود نہیں جبکہ بولنگ میں ٹیم سے کافی عرصے سے باہر ہونے کے باوجود سعید اجمل نویں اور فاسٹ بولر عرفان 10 ویں نمبر پر موجود ہیں، حفیظ کا20واں نمبر ہے، وہ آل رائونڈرز میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔