اداکارہ انعم خان پرموٹر سائیکل سواروں نے تیزاب پھینک دیا

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 2 جون 2016
فہد خان کے خلاف ساہیوال غلہ منڈی تھانہ میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے، شہناز :فوٹو : فائل

فہد خان کے خلاف ساہیوال غلہ منڈی تھانہ میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے، شہناز :فوٹو : فائل

 لاہور: 3 افراد نے اداکارہ انعم خان پر تیزاب  پھینک دیاجس کے باعث اداکارہ کا جسم 50 فیصد جھلس گیا۔

تفصیلات کے مطابق انعم خان کی بڑی بہن شہناز نے بتایا کہ 25 مئی کو لاہور سے ساہیوال واپس جاتے ہوئے فہدخان نامی شخص نے 2نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کے ہمراہ انعم خان پر تیزاب پھینک دیا جس سے اس کے جسم کانچلا حصہ بری طرح متاثر ہوا،انعم خان کو فوری طور پرہم جناح اسپتال لے آئے جہاں برن یونٹ میں اس کا علاج جاری ہے،فہدخان نامی شخص 2سال سے انعم خان کے پیچھے پڑا ہواہے، وہ اس سے زبردستی شادی کرناچاہتا تھا مگر انعم خان کے انکارپرسنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگا۔

شہناز نے بتایا کہ فہد خان کے خلاف ساہیوال غلہ منڈی تھانہ میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔ انھوں نے عوام سے انعم خان کی صحت یابی کیلیے دعا کی اپیل کی۔فلمساز سہیل خان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات حکومتی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں،انعم خان جیسی کئی بے بس اور بے قصور خواتین ہر سال تیزاب گردی کا شکار ہو جاتی ہیں مگر ملزمان آزادی کیساتھ گھوم رہے ہیں،انعم خان کو اس حالت تک پہنچانے والے ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔واضح رہے انعم خان نے فلمساز سہیل خان کی فلم’’شورشرابہ‘‘ میں سپورٹنگ رول سے فلمی سفرابھی شروع کیا ہی تھا جبکہ ایک اورفلم بھی سائن کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔